فلم انڈسٹری ایک بار پھر فعال ہو رہی ہے ، گورنرسندھ

امن و امان کے قیام کے بعد کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ، لوگ فلم انڈسٹری کا رخ بھی کررہے ہیں ، عمران اسماعیل ترجیحی بنیادوں پر فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں ، فلم ٹی وی جرنلسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو

جمعرات 10 اکتوبر 2019 18:33

فلم انڈسٹری ایک بار پھر فعال ہو رہی ہے ، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبہ با لخصوص کراچی شہر میں امن و امان کے قیام کے بعد ثقافتی ، ادبی ، کاروباری ، سماجی اور دیگر سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ کے باعث کراچی ایک بار پھرروشنیوں کا شہر بن گیا ہے لوگ رات دیر تک فلم دیکھنے کے لئے سینما ئوں کا رخ کررہے ہیں جس سے فلم انڈسٹری ایک بار پھر فعال ہو رہی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ، موجودہ حکومت فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالواسع قریشی کی سربراہی میں 10 رکنی وفدسے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں فلم انڈسٹری کے حالات، لیجنڈ فنڈ اور سینمائوں کی بحالی سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ماضی میں شہر میں بے شمار سینما ہال تھے لیکن امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث لوگ اس انڈسٹری سے دور ہوتے گئے لیکن آج امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے لوگ بلا خوف و خطر رات دیر تک سماجی ، ثقافتی ، ادبی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کے ساتھ ساتھ فلموں کے شائقین بھی فلموں میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ،موجودہ حکومت بھی ترجیحی بنیادوں پر فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے موثر اقدامات اٹھار ہی ہے امید ہے کہ بہت جلد فلمی صنعت ایک بار پھر فعال ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اداکار قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو اپنی صلاحیتوں سے لوگوں کو محظوظ کرتے ہیں جو کہ صحت مند معاشرہ کے لئے انتہائی نا گزیر ہے ، موجودہ حکومت فنکاروں کی فلاح و بہوبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے تاکہ ہمارے معاشرہ کا فنکار مزید اچھے انداز میں اپنی صلاحیتوں کوبروئے کار لا سکے اس ضمن میں فنکار برادری کی حوصلہ افزائی کے لئے لیجنڈ اداکاروں کے لئے قائم کردہ صوبائی فنڈ کو فعال بنانا وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔ملاقات میں ایسوسی ایشن کے صدر عبد الواسع قریشی نے فلم انڈسٹری کی بحالی ، فنکاروں کی فلاح و بہبود اور اس سے متعلق دیگر امور پر ایسوسی ایشن کے اقدامات سے گورنرسندھ کو آگاہ کیا۔
وقت اشاعت : 10/10/2019 - 18:33:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :