عزیز میاں قوال کی برسی جمعہ کو منائی جائے گی

منگل 3 دسمبر 2019 12:55

عزیز میاں قوال کی برسی جمعہ کو منائی جائے گی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2019ء) پرائیڈ آف پرفارمنس عزیز میاں قوال کی 19ویں برسی6 دسمبر بروز جمعہ کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ۔ اس موقع پر عزیز میاں قوال کے پرستار وںاور مداحوں کی جانب سے خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اللہ ہی جانے کون بشر ہے، یا نبیؐ یا نبیؐ ، شرابی میں شرابی سمیت سینکڑوں قوالیاں گا کر شہرت کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے حکومت پاکستان سے 1989ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس حاصل کرنے والے ملک کے نامور قوال عزیز میاں 17اپریل 1942ء کو پید ا ہوئے ۔

ان کا اصل نام عبدالعزیز تھا لیکن وہ عزیز میاں قوال کے نام سے مشہور ہوئے۔ عزیز میاں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی اور قوالی کے شعبہ کا چنائو کیا۔

(جاری ہے)

عزیز میاں کو یہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ انہوںنے اپنی گائی گئی زیادہ تر قوالیوں کی شاعری خود تخلیق کی۔ عزیز میاں نے اپنے منفرد ، بھاری بھرکم ، بارعب انداز گائیکی کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کے کئی دیگر ممالک میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے ، جانے ، پہچانے جاتے تھے۔ عزیز میاں 6دسمبر 2000ء کو 58برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا اس موقع پر خاص مضامین کی اشاعتوںکا اہتمام کرے گا۔

وقت اشاعت : 03/12/2019 - 12:55:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :