ایک کہانی بڑی پرانی !
بدھ 26 جنوری 2022
سب سے اہم کردار چودھری اور نمبردار کا تھا ، یہ دونوں کردار حکمرانی کے دعویدار تھے ، لیکن ظاہر ہے کہ ایک نیام میں دو تلواریں کیسے سماتیں؟ اس لیے دونوں مل بیٹھے، ایک طویل مشاورتی اجلاس ہوا ،طویل بیٹھک کے بعد ایک نقطے پر اتفاق ہو گیا ، حکمرانی چودھری کے حصے میں آئی جبکہ فیصلہ کرنے کا کلی اختیار نمبردار کو دے دیا گیا ، گاوٴں پر ان کا مکمل قبضہ مکمل تھا ،زمینیں ، کالج ، ادارے ، اونچے بنگلوں سمیت ہر سہولت صرف ان کی آل اولاد کے تھی ، گاوٴں کے لوگوں کو کام کے بدلے اتناکھانا مل جاتا تھا کہ ان کی روح چلتی رہے ، چودھری صاحب تو اس حق میں بھی نہیں تھے لیکن نمبردار نے انہیں سمجھایا کہ ان کا زندہ رہنا ضروری ہے ، اگر یہ مر گئے تو حکمرانی کس پر کی جائے گی ؟گاوٴں کا دوسرا اہم کردار بھانڈ تھے ، نمبردارکے اور چودھری کے ہر کام اور بات کا دفاع کرنا ان کا پیشہ تھا،اگر مالک کہہ دیتے کہ ہفتے میں دس دن ہوتے ہیں تو ان کا کام تھا ان کی بات کو ثابت کرنا ، بدلے میں انہیں مالکوں کی طرف سے باقاعدہ ٹریننگ اور معاوضہ بھی فراہم کیا جاتا تھا ، تیسرا کردار گاوٴں کا مولوی تھا مسلمانوں کا گاوٴں تھا اور لوگ مولوی صاحب کی بڑی عزت کرتے تھے اور ان کی بات کو حرف آخر سمجھتے تھے اس لیے اسے ساتھ ملانا ضروری تھا ،پانچواں کردار چودھری اور نمبردار کے وہ رشتہ دار تھے جو گھی ، چینی ، آٹا اور دیگر ضروریات زندگی مہیا کیا کرتے تھے ، نمبردارنے اپنے فیصلوں سے چودھری اور چودھری اپنی حکمرانی سے نمبردار کو خوش رکھا ہوا تھا ،سب کچھ روٹین کے مطابق جا رہا تھا کہ اچانک ایک رولا ہو گیا ۔
(جاری ہے)
گاوٴں کے لوگ جب نمبرداروں اور چودھریوں کے لیے الگ سکول ،کالج ، عالی شان بنگلے ، امپورٹڈ گاڑیاں اورلگژری سہولیات دیکھتے تو احساس محرومی کی آگ میں جلی سرگوشیاں کرتے ، سرگوشیاں آوازوں کا روپ دھارنے لگیں ، ان کی جائیدادوں اور گھروں پربات ہونے لگی ، نمبردار اور چودھری اکٹھے ہوئے ، ایک طویل مشاورتی اجلاس ہوا ، اگلے دن گاوٴں کے ہر چوک میں ایک پوسٹر لگا تھا جس پر لکھا تھا کہ کسی بھی مدعے پر بات کرنا صرف بھانڈوں کا حق ہے ، چودھری کی طاقت اور نمبردار کے فیصلوں پر انگلی اٹھانے والے کو سزا سنائی جائے گی،ایک خفیہ فیصلہ یہ کیا گیا کہ عالی شان بنگلے گاوٴں کے اندر تعمیر نہیں کیے جائیں گے ، اس مقصد کے لیے گاوٴں سے باہر کی وسیع زمینیں مختص ہوئیں ، جہاں سوسائٹی کے نام سے ایک الگ ہی دنیا بسائی گئی جس میں عیاشی کا ہر سامان موجود تھا ،بظاہر اچھے انتظامات تھے لیکن خلق خدا میں بات پھیلتی گئی ، ایک ایسا وقت بھی آیا کہ فرعون کے گھر موسیٰ پیدا ہو گیا ، وہ انہی کا اپنا بندہ تھا ، ان کے سارے داوٴ پیچ جانتا تھا ، اس لیے انہیں ٹف ٹائم دینے لگا ، گاوٴں کے لوگ بھی اسی کے ساتھ مل گئے ، سب کا ایک ہی بے ضرر مطالبہ تھا: قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور گاوٴں کے وسائل پر ہمارا بھی حق ہے ۔
فضا بد ل چکی تھی ، لوگوں کو مارا بھی جا سکتا تھا لیکن مسئلہ وہی تھا کہ پھر حکمرانی کس پر کی جائے گی ، نمبردار اور چودھری اکٹھے ہوئے ، پنچایت بلائی گئی ،گاوٴں کے لوگوں نے ایک شریف سے انسان کو اپنا نمائندہ چن لیا ، یوں گاوٴں میں ایک نئے سٹیک ہولڈر کا اضافہ ہو گیا ، اس کی کوشش سے گاوٴں کے لوگوں کے دن پھرنے لگے ، نمبردار اور چودھری وقت طور پر خاموش ہو گئے ، شریف کے کچھ دشمن بھی تھے جو خود سٹیک ہولڈر بننا چاہتے تھے ، کچھ عرصہ گزرا تو چودھری نے دشمن کو کہا کہ نمبردار کی عدالت میں شریف پر کیس ”ڈال“ دو ، کیس ڈال دیا گیا ،شریف کے خلاف ایک چومکھی محاذ گرم ہو گیا ،بھانڈوں نے کرپشن کرپشن کا ورد شروع کر دیا ،نمبردار نے اپنی پنچائت لگا لی ، چودھری نے اپنی طاقت استعمال کی ، مولوی نے اندھے عقیدت مندوں سے مل کر گاوٴں کے چوک میں دھرنا دے دیا ، ہر گلی میں مسٹنڈوں کا راج تھا، دکانداروں نے پیسا خرچ کر کے باہر سے بھی بھانڈ منگوا لیے ،گاوٴں کے لوگ گیم سمجھ رہے تھے لیکن ان کی چلتی کب تھی ، پنچایت کے فیصلے میں شریف کو ہٹا کر دشمن کو سٹیک ہولڈر بنا دیا گیا ،سب نے اپنا اپنا حصہ لے لیا ،مولوی کو دور اچھے دیس بھیج دیا گیا ،بھانڈ بھی امیر ہو گئے ،دکانداروں نے شریف کو ہٹانے کے لیے جتنا لگایا تھا ، گھی ، چینی ، آٹا وغیرہ مہنگا کر کے اس سے دوگنا کما لیا ، گاوٴں کے لوگوں کی حالت دن بدن خراب ہوتی گئی ، کوئی بات کرتا تو دشمن کہتا: لوگ جائیں بھاڑ میں ، مجھے کیا ، مجھے تو بس سٹیک ہولڈر بننا تھا قیمت چاہے کوئی بھی ہو ، میری غیرت یا لوگوں کی جانیں ،ہاشو کا کہنا ہے کہ وہ گاوٴں آج بھی دنیا سے الگ تھلگ کسی جگہ قائم ہے بلکہ اب تو شاید ملک بھی بن چکاہے وہاں آج بھی ایسے ہی کھیل کھیلا جاتا ہے ، لیکن میں اس کی بات نہیں مانتا، آپ ہی بتائیں ، آج کے جدید دور میں ایسا کھیل بھلا ممکن ہے ؟۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
کوثر عباس کے کالمز
-
میری بیلن ڈائن!
ہفتہ 19 فروری 2022
-
اسامی خالی ہیں !
ہفتہ 12 فروری 2022
-
ایک کہانی بڑی پرانی !
بدھ 26 جنوری 2022
-
اُف ! ایک بار پھر وہی کیلا ؟
جمعرات 20 جنوری 2022
-
نمک مت چھڑکیں!
جمعرات 13 جنوری 2022
-
دن کا اندھیرا روشن ہے !
جمعہ 17 دسمبر 2021
-
سانحہ سیالکوٹ: حکومت ، علماء اور محققین کے لیے دو انتہائی اہم پہلو
جمعہ 10 دسمبر 2021
-
بس ایک بوتل!
اتوار 5 دسمبر 2021
کوثر عباس کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2024, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.