Live Updates

بھارت نے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات کی تجویز قبول کرلی

جنرل اسمبلی اجلاس میں پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات ہوگی، بھارتی وزارت خارجہ

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:10

بھارت نے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات کی تجویز قبول کرلی
نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2018ء) بھارت نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزرائے خارجہ ملاقات کی تجویز قبول کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ترجمان بھارتی وزارت خارجہ رویش کمار نے بریفنگ میں بتایا وزیراعظم عمران خان کی پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کی تجویز حکومت نے قبول کرلی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات نیویارک میں ہوگی جو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے سائیڈ لائن پر ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی ملاقات کا ایجنڈا طے نہیں کیا، صرف ملاقات پر رضامندی ظاہر کی ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ 'اس ملاقات کا مقصد پاکستان کے حوالے سے بھارتی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ نہیں اور نہ ہی اس کا مقصد مذاکرات کی بحالی ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے تہنیتی خط کا جواب دیا ہے جس میں انہوں نے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے جب کہ وزیراعظم نے تجویز دی تھی کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات طے کی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات