دبئی ائیرپورٹ پانی میں ڈوب گیا، فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر

موسلادھار بارش کے بعد پورے شہر کا نظام زندگی بھی درہم برہم ہوگیا، پاکستان سے دبئی کی پروازیں بھی روانہ نہ ہو سکیں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 11 جنوری 2020 19:12

دبئی ائیرپورٹ پانی میں ڈوب گیا، فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 جنوری 2020) دبئی ائیرپورٹ پانی میں ڈوب گیا، فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر، موسلادھار بارش کے بعد پورے شہر کا نظام زندگی بھی درہم برہم ہوگیا، پاکستان سے دبئی کی پروازیں بھی روانہ نہ ہو سکیں۔ تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث دبئی ایئرپورٹ پانی میں ڈوب گیا اور پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔

دبئی ائیرپورٹ حکام کے مطابق رن وے پر پانی بھرنے سے کئی طیاروں کو مناسب پارکنگ بھی نہ مل سکی، جبکہ طیارے اڑان بھرنے یا لینڈنگ کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ اس تمام صورتحال میں جہاں دنیا کی دیگر ائیرلائنز کی دبئی کیلئے پروازیں متاثر ہوئی ہیں، وہیں پی آئی اے کی دبئی کیلئے پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ لاہور سے دبئی پرواز پی اے 416 کے مسافر 2 گھنٹے سے طیارے میں موجود ہیں، طیاروں کی پارکنگ میں پانی ہونے کی وجہ سے مسافروں کو نہیں اتارا جاسکا، اس حوالے سے ایئرپورٹ حکام نے یہ کہہ کر معذرت کرلی ہے کہ پانی کی وجہ سے سیڑھیاں طیارے کے ساتھ نہیں لگائی جاسکتیں۔

(جاری ہے)

 کہا جا رہا ہے کہ مزید 2 گھنٹے میں ایئرپورٹ پارکنگ کو کلیئر کردیا جائے گا۔ شدید خراب موسم کے باعث پاکستان سے دبئی جانے والی تمام پروازیں ائیر ٹریفک کنٹرول نے روکنے کا حکم دے دیا ہے جب تک دبئی میں موسم اور ائیرپورٹ کی صورتحال بہتر نہیں ہوتی پروازیں نہیں بھیجی جائیں گی۔ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی طرف سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق دبئی ائیرپورٹ پر جہازوں کی پارکنگ کی جگہ ختم ہو گئی ہے اور ایندھن بھرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

جب تک دبئی میں موسم اور ائیرپورٹ کی صورتحال بہتر نہیں ہوتی پروازیں نہیں بھیجی جائیں گی۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ان احکاماتِ کے تحت پی کے۔ 233 لاہور دبئی جو راستے میں تھی کو مسقط اتار لیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ پرواز موسم بہتر ہوتے ہی دبئی بھیج دی جائے گی۔ مسقط میں پی آئی اے کا عملہ مہمانوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔ دوسری جانب دبئی کے محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح کو شہر میں غیر متوقع بارش کا آغاز ہوا جس کا سلسلہ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران صرف ایک گھنٹے میں ہی 150 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ غیر متوقع اور موسلادھار بارش کے باعث دبئی کے اکثر علاقے پانی میں ڈوب گئے۔