Live Updates

ملکی سیاست میں بڑی ہلچل، ایک مرتبہ پھر بلوچستان سے تبدیلی کے آغاز کی تیاریاں؟

16 اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی

muhammad ali محمد علی منگل 14 ستمبر 2021 21:39

ملکی سیاست میں بڑی ہلچل، ایک مرتبہ پھر بلوچستان سے تبدیلی کے آغاز کی ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر2021ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں ہونے والی بڑی سیاسی پیش رفت نے ملکی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان میں اپنی حکومت کے 3 سال مکمل کرنے والے وزیر اعلیٰ جام کمال خان کو عہدے سے ہٹانے کیلئے پہلا عملی قدم اٹھایا گیا ہے۔

بلوچستان اسمبلی کے 16 اراکین نے اپنے صوبے کے وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اراکین اسمبلی کے گروپ نے سیکرٹری اسمبلی کو جام کمال کیخلاف عدم اعتماد جمع کروائی۔ اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروانے والے تمام اراکین اسمبلی کا تعلق اپوزیشن سے ہے۔

(جاری ہے)

عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے، اب اپوزیشن اپنی اکثریت بھی ثابت کر کے دکھائے۔ جبکہ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والے اپوزیشن کے اراکین اسمبلی نے موقف اختیار کیا ہے کہ بلوچستان کا بجٹ عدم مساوات پر مبنی ہے، آج ہر شخص چاہتا ہے کہ بلوچستان حکومت ختم ہو جائے، اسی لیے جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بلوچستان میں اس بڑی سیاسی پیش رفت کے بعد سیاسی تجزیہ کاروں نے ردعمل میں کہا ہے کہ کیا ایک مرتبہ پھر بلوچستان سے تبدیلی کا آغاز کر دیا گیا؟ ۔

یہاں واضح رہے کہ بلوچستان میں حکومتی اتحاد میں کل 42 اراکین اسمبلی شامل ہیں، جبکہ اپوزیشن اراکین کی تعداد 23 ہے۔ اپوزیشن کو جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کیلئے 33 اراکین اسمبلی کی حمایت درکار ہے۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات