Live Updates

جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات

صدر مملکت نے پاک فوج میں اہم تعیناتیوں کی سمری پر دستخط کردیے، آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر سمری کی منظوری دی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 نومبر 2022 18:20

جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 نومبر2022ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک فوج میں اہم تعیناتیوں کی سمری پر دستخط کردیے، جس کے بعد جنرل عاصم منیر آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری ایوان صدر کو موصول ہوئی، صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے سمری کی منظوری دی گئی، اور اس کے ساتھ ہی صدر مملکت نے لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی فی الفور جنرل کے عہدے پر ترقی کی منظوری دے دی، صدر مملکت نے پاک فوج میں یہ ترقیاں اور تعیناتیاں آئین کے آرٹیکل 243 چار اے اور بی، آرٹیکل 48 اور پاکستان آرمی ایکٹ 1952ء کے سیکشن 8 اے اور 8 ڈی کے تحت کیں، صدر مملکت کی منظوری کے بعد جنرل سید عاصم منیر کے آرمی چیف تعینات ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا، جنرل عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر 2022ء سے ہوگا جب کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا اور ان کی بطور چیئرمین جائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کا اطلاق 27 نومبر 2022ء سے ہوگا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج لاہور بھی پہنچے، جہاں صدر عارف علوی نے زمان پارک میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں اہم تعیناتی کا معاملہ زیر غور آیا، صدر نے وزیراعظم ہاؤس سے منظور ہونے والی سمری سے متعلق عمران خان کو اعتماد میں لیا۔ دنیا نیوز کے مطابق عمران خان نے صدر مملکت کو کہا کہ ہماری کسی ادارے سے جنگ نہیں، آئین و قانون کے مطابق سمری دیکھیں، ہم نے آئین اور قانون کی پاسداری کرنی ہے، آئین اور قانون کے مطابق جو بنتا ہے سمری اس کے مطابق دیکھیں،اگر درست ہے تو سمری نکال دیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات