چین پاکستان زرعی تعاون کے باعث ہائبرڈ کینولا کی کاشت پاکستانی کسانوں کیلئے امید کی کرن

کامیابی سے پاکستانی معیشت کیلئے خوردنی تیل کے تقریباً چار ارب ڈالر کے درآمدی بل میں بڑے پیمانے پر کمی آئیگی

منگل 14 مارچ 2023 14:29

چین پاکستان زرعی تعاون کے باعث ہائبرڈ کینولا کی کاشت پاکستانی کسانوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2023ء) چین اور پاکستان کی زرعی کمپنیوں کی تحقیق کے بعد ہائبرڈ کینولا کی کاشت کی کامیابی نے پاکستانی کسانوں کیلئے امید کی کرن پیدا کر دی جبکہ اس کی بھرپور کامیابی سے پاکستانی معیشت کے لیے خوردنی تیل کے تقریباً چار ارب ڈالر کے درآمدی بل میں بڑے پیمانے پر کمی آئے گی۔ہائبرڈ بیج HC021c کی پیداوار مقامی کینولا کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہے اورخوردنی تیل کو استعمال میں لانے کے ساتھ اس کے اجزا ء میں سے ایک کو جانوروں کے چارے کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

HC021c تیار کرنے والی چینی بیج کمپنی کے ڈائریکٹر ژو زیاشانگ نے بتایا کہ مذکورہ ہائبرڈ کینولا کا بیج چین اور پاکستان کے درمیان زرعی شعبے میں کامیاب تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم کامیابی ہے کیونکہ اس سے پاکستان کے خوردنی تیل کے درآمدی بل میں کمی آئے گی ۔یہ بیج دس سال کی تحقیق کے بعد تیار کیا گیا ہے اور یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا ،چین تحقیق سے متعلق ٹیکنالوجی کو بھی پاکستان میں منتقل کرے گا تاکہ پاکستان کے کسانوں کو کینولا تیل کی پیداوار میں خود کفیل بنایا جا سکے تاکہ پاکستان کی مقامی ضروریات پوری ہو سکیں۔

انہوںنے کہا کہ برسوں پہلے اعلی معیار اور کم قیمت خوردنی تیل کی کمی بھی چین کے لیے ایک مسئلہ تھا جیسا کہ پاکستان کے لیے ہے تاہم ڈبل زیرو کینولا کی افزائش کی ٹیکنالوجی کے متعارف ہونے سے چین میں خود کفالت کے مواقع پیدا ہوئے۔دس سالوں میں مسلسل سرمایہ کاری کے ساتھHC-021C کو پی اے آر سی نے نے حقیقی ڈبل زیرو کینولا کاشتکاری کے طور پر رجسٹر کیا تھا۔

HC-021C نے پاکستان کو اپنے خوردنی تیل کے درآمدی بل کو کم کرنے اور اس کی صنعت کو بھی قائم کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔پاکستان بھر میں دونوں کمپنیاں 20000 سے زائد کسانوں کو رایا/سرسوں اور سچے کینولا کے درمیان فرق اور 2023 تک اس کی اقتصادی قدر کے بارے میں تربیتی سیشن میں آگاہی فراہم کریں گی۔پاکستان میں مختلف قسم کی کاشت کے دوران تکنیکی چیلنجوں کو حل کرنے کے لیے دونوں کمپنیاں مقامی آب و ہوا کے تحت پوری پیداواری ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کر رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ملک کو بہت سے فوائد حاصل ہوئے ہیں اور HC021 بیج ان میں سے ایک ہے۔ایک اور رپورٹ کے مطابق اس کامیابی کے عروج سے پاکستانی معیشت کے لیے خوردنی تیل کے تقریباً چار ارب ڈالر کے درآمدی بل میں بڑے پیمانے پر کمی آئے گی۔