جی ڈی اے کا سندھ سے رکن الیکشن کمیشن نثار درانی پر شدید تحفظات کا اظہار

نثار درانی کی قریبی عزیزہ کو پیپلز پارٹی نے مخصوص نشست پر امیدوار نامزد کردیا، یہ مفادات کا ٹکراؤ اور الیکشن کی شفافیت پر سنگین سوالات ہیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 25 دسمبر 2023 17:31

جی ڈی اے کا سندھ سے رکن الیکشن کمیشن نثار درانی پر شدید تحفظات کا اظہار
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 دسمبر 2023ء ) سندھ میں پیپلزپارٹی مخالف اتحاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے صوبے سے رکن الیکشن کمیشن نثار درانی پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے ترجمان جی ڈی اے سابق رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے انکشاف کیا ہے کہ نثار درانی لاء ایسوسی ایٹ کی رکن صائمہ آغا کو پیپلز پارٹی نے مخصوص نشست پر امیدوار نامزد کردیا، صائمہ آغا کو سندھ سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر نامزد کیا گیا ہے، صرف نثار درانی کی ہی قریبی عزیزہ کو پیپلز پارٹی نے کیوں نامزد کیا؟ یہ مفادات کا ٹکراؤ اور الیکشن کی شفافیت پر سنگین سوالات ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں چیف الیکشن کمشنر کی شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروانے کی یقین دہانی پر مکمل اعتماد ہے، تاہم سندھ میں جی ڈی اے سمیت کئی سیاسی جماعتوں کو نثار درانی پر تحفظات ہیں کیوں کہ ان کا جھکاؤ ایک مخصوص سیاسی جماعت کی طرف ہے، کس حیثیت میں ان کی ایسوسی ایٹ کو پیپلز پارٹی نے ٹکٹ سے نوازا، اس قسم کے اقدامات سے الیکشن کی شفافیت پر سوالات اٹھیں گے، امید ہے چیف الیکشن کمشنر میرے سوالات کا جواب دینگے اور اس معاملے کی تحقیقات کروائیں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی ترجمان سائرہ بانو اس بار جنرل نشست پر قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہی ہیں، جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگاڑا نے سائرہ بانو کو جنرل نشست پر الیکشن لڑنے کی ہدایت کی، سائرہ بانو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 210 ٹنڈو آدم پر جی ڈی اے کی امیدوار ہوں گی، سائرہ بانو اس حلقے میں پیپلز پارٹی کے روشن جونیجو کا مقابلہ کریں گی، سائرہ بانو حلقے سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے بعد جلد ہی انتخابی مہم کا آغاز کریں گی۔