ن لیگ نے آئی پی پی اور ق لیگ کیلئے کئی حلقے چھو ڑ دئیے

آئی پی پی کو قومی کی 7 اور صوبائی اسمبلی کی 11 سیٹیں جبکہ ق لیگ کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلی کی 2،2 سیٹیں خالی چھوڑی گئیں ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 11 جنوری 2024 15:48

لاہور(ادو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن نے ا لیکشن 2024ءکیلئے اپنے امیدواروں کو ٹکٹیں جاری کرنے کے بعداستحکام پاکستان پارٹی اور ق لیگ کیلئے کئی حلقے چھوڑ دئیے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس میں بتایاگیا ہے ن لیگ کی جانب سے آئی پی پی کے سربراہ جہانگیر ترین جو کہ این اے 155 لودھراں سے الیکشن لڑرہے ہیںانہیں این اے 149 ملتان اور نعمان لنگڑیال کو این اے 143 ساہیوال جبکہ انجینئر گل اصغر این اے 88 خوشاب اور غلام سرورخان کواین اے 54 راولپنڈی اورعامر کیانی کو این اے 47 ، این اے 117 پر علیم خان اور این اے 128 سے عون چوہدری کوایڈجسٹ کیا جائیگا۔

یہ بھی بتایاگیا ہے کہ پنجاب میں آئی پی پی کو قومی کی 7 اور صوبائی اسمبلی کی 11 سیٹیں دئیے جانے کا امکان ہے جب کہ ق لیگ کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلی کی 2،2 سیٹیں خالی چھوڑی گئی ہیں، لاہور کے سوا پنجاب میں آئی پی پی کیلئے 5 حلقے خالی چھوڑے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح این اے 165 سے ن لیگ کے میدوار سعود مجید ہیں اورامکان ہے ٹکٹ نہ ملنے پر وہ سینیٹ میں آسکتے ہیں جب کہ سعود مجید کے بھتیجے سعد مسعود کو پی پی 248 سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ق لیگ کیلئے این اے 64 اور پی پی 32 سالک حسین کیلئے چھوڑی گئی ہے، پی پی 31 گجرات پرچوہدری شجاعت کے دوسرے بیٹے شافع حسین کیلئے چھوڑی گئی ہے جب کہ این اے 165 بہاولپور سے طارق بشیر چیمہ کو دئیے جانے کا امکان ہے ہے۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پراستحکام پاکستان پارٹی اور ق لیگ کے درمیان مذاکرات کے کئے دور ہو چکے ہیں جس کے بعدن لیگ نے استحکام پاکستان پارٹی کی فردوس عاشق اعوان، ہمایوں اختر، فرخ حبیب اور نوریز شکور کی نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ سے معذرت کرلی تھی جبکہ مسلم لیگ ن نے آئی پی پی کی جانب سے پیش کردہ13 قومی اور 22 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی فہرست پر عمل درآمد سے بھی انکار کرتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی کی 7سے 9اور صوبائی اسمبلی کی 11سے 14نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اشارہ دیا تھاجبکہ ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر معاملات طے پا گئے تھے ۔