اے این پی کی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شمولیتی تقریبات کا انعقاد،کثیرتعدادمیں لوگوں کی اے این پی میں شمولیت

بدھ 24 جنوری 2024 22:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2024ء) عام انتخابات 2024ء کے سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے روز پشاور میں خواجہ ٹاؤن (پجگی روڈ)میں اے این ی کی شمولیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف افراد نے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

شمولیتی تقریب میں عوامی نیشنل پارٹی پی کے 82 پشاور سے نامزد امیدوار ڈاکٹر نوید الله خان اور دیگر ذمہ داران سمیت کثیر تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ پشاور ویلج کونسل گلشن آباد یونین کونسل متنی میں شمولیتی تقریب کے دوران رحم جلیل نے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت اختیار کی۔ تقریب میں امیدوار این اے 30 ارباب زین عمر، امیدوار پی کے 77 صلاح الدين مومند اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی اور نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا،اسی طرح پشاور میرہ سوریزئی پایان گڑھی زرین خان میں شمولیتی تقریب کے دوران زرین خان اور دیگر نے خاندانوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

(جاری ہے)

صوبائی سینئر نائب صدر و امیدوار پی کے 76 خوشدل خان ایڈوکیٹ اور دیگر ذمہ داران نے انہیں خوش آمدید کہا، چک مردان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں اے این پی کا انتخابی جلسہ منعقد ہوا جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر و نامزد امیدوار این اے 22، پی کے 58 امیرحیدرخان ہوتی، نامزد امیدوار پی کے 59 ہارون خان (ضلعی جنرل سیکرٹری)اور دیگر ذمہ داران سمیت کثیر تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔

ضلع بونیر تحصیل مندنڑ ویلج کونسل شالیزارہ میں محمد کریم کی زیر صدارت انتخابی جلسہ ہوا، انتخابی جلسے سے صوبائی جنرل سیکرٹری و امیدوار پی کے 27 سردار حسین بابک، امیدوار این اے 10 حاجی رؤف خان اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر اشتر خان، سید شمشر باچا، منیر خان، نور زادہ، نور ولی خان، امیر علی خان اور دیگر ذمہ داران سمیت کثیر تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے۔

ضلع صوابی، حکمت خان بانڈہ (صوابی خاص) میں شمولیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی، شمولیتی تقریب میں ضلعی جنرل سیکرٹری و امیدوار پی کے 50 نوابزادہ خان، ممتاز علی خان، یوسی صدر صفدر خان اور صاحب مانیروال سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی اور نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں پارٹی کے دیگر عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھےعوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی جائنٹ سیکرٹری و امیدوار پی کے 40 (مانسہرہ) ڈاکٹر شاہین ضمیر نے شنکیاری میں مختلف مقامات پر انتخابی مہم چلائی اور لوگوں کو پارٹی منشور سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں عوامی نیشنل پارٹی کو کامیاب بنانے کےلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی.