Live Updates

عمران خان نے سائفر کیس میں سرکاری وکلاء صفائی کی تقرری چیلنج کردی

سائفر کیس میں عدالت کا 26 جنوری کا حکم کالعدم قرار دیا جائے‘ سرکاری وکلا کی تقرری کے بعد کی گئی کارروائی بھی کالعدم قرار دی جائے۔ قائد تحریک انصاف کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 جنوری 2024 11:01

عمران خان نے سائفر کیس میں سرکاری وکلاء صفائی کی تقرری چیلنج کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے سائفر کیس میں سرکاری وکلاء صفائی کی تقرری کو چیلنج کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بانی چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے وکلاء کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ سائفر کیس میں عدالت کا 26جنوری کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، سرکاری وکلا کی تقرری کے بعد کی گئی کارروائی کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنماء بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں اپنی نگاہوں کے سامنے انصاف کا قتل ہوتے دیکھا ہے جہاں عمران خان کے خلاف جعلی مقدمات میں عدالتی کارروائی کو قانون و انصاف کے تقاضوں کے بالکل برعکس چلایا جارہاہے حالاں کہ ججز کسی بھی مقدمے میں الزامات کی نوعیّت سے قطع نظر عدالتی کارروائی کو منصفانہ سماعت کے بنیادی دستوری تقاضے کی روشنی میں چلانے کے پابند ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسے حسّاس ترین مقدّمے میں شفافیّت اور انصاف کے کم ازکم معیار کو قائم رکھنا بھی ججز کی ذمہ داری ہے، ملک کے مقبول ترین سیاسی قائد کو فراہمی انصاف کا معاملہ ہے چنانچہ چیف جسٹس سے التماس ہے کہ اس معاملے کا ازخود نوٹس لیں اور منصفانہ سماعت کے معاملے میں پیدا ہونے والے سنگین بگاڑ کے تدارک کا اہتمام کریں، ہم بہرحال آج کی عدالتی کارروائی کو عدالتِ عالیہ کے روبرو چیلینج کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے توقع ہےکہ ہماری درخواست کو فوری سماعت کیلئے مقرر کیا جائے گا اور کھلے دل کے ساتھ اس کی سماعت کی جائے گی، جہاں تک ان لوگوں کا معاملہ ہے جو قوم کے مقبول ترین قائد کے نام پر لکیریں کھینچنے میں مصروف ہیں تو وہ یاد رکھیں کہ اللہ ربّ العزّت اپنے رحم و کرم اور پاکستان کے عوام کی بے مثال تائید و حمایت سے قوم کے قائد کے ناموس کو مٹنے نہیں دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات