شیر پر ٹھپہ لگانے کی مہم چلانے والا شریف خاندان خود عقاب پر ٹھپہ لگائے گا

نواز شریف، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا ووٹ این اے 128 میں رجسٹرڈ ہے جہاں ن لیگ نے اپنا امیدوار عون چوہدری کے حق میں دستبردار کیا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 3 فروری 2024 11:48

لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 فروری 2024ء) پورے پاکستان سے شیر پر ٹھپہ لگانے کی اپیل کرنے والا شریف خاندان خود عقاب پر ٹھپہ لگائے گا۔تفصیلات کے مطابق پورے پاکستان میں شیر پر ٹھپہ لگانے کی مہم چلانے والے خود عقاب پر ٹھپہ لگائیں گے۔مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا ووٹ ماڈل ٹاؤن حلقہ این اے 128 میں رجسٹرڈ ہے ۔

ن لیگ نے این اے 128 سے اپنا امیدوار عون چوہدری کے حق میں دستبردار کیا تھا جس کے بعد ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز بھی شیر کے بجائے عقاب پر ٹھپہ لگائیں گے۔ نواز شریف, شہباز شریف اور حمزہ شہباز حلقہ این اے 128 سے امیدوار عون چوہدری کو ووٹ کاسٹ کریں گے۔ عون چوہدری استحکام پاکستان پارٹی سے این اے 128 پر آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرکے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے قائدین اپنا ووٹ عقاب کے حق میں کاسٹ کریں گے ۔ادھر استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےکہا ہے کہ عقاب ہمارے جوانوں کی ہمت بڑھانے،اپنے محافظوں کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے اور غازیوں اور شہیدوں کےاوپر اپنی محبتوں کے پھول نچھاور کرنے کے کا نشان ہے، ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 70 کے علاقہ رحمت آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو شاہین اونچی اڑان بھرے گا ، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے علم میں ہے کہ پاکستان کے غیور عوام پاکستان کے مسلح افواج کی پشت پہ کھڑے ہیں،پاکسان کے نو جوان شاہین ہیں جو دشمن کو نیست و نابود کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، انہوں نے کہا ہمیں اپنی افواج کے سپاہیوں کو طاقتور بنانے کے لیے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے