شہبازشریف ،شہباز شریف ، مریم نواز ، حمزہ شہباز ،آصف علی زر داری ، بلاول بھٹو زر داری کامیاب

مولانا فضل الرحمن ، سردار ایاز صادق ، یوسف رضا گیلانی ، علی موسیٰ گیلانی ، فاروق ستار ، گوہر علی ،علی محمدخان ،عمر ایوب ،اسد قیصر بھی جیتنے والوں میں شامل

جمعہ 9 فروری 2024 22:59

شہبازشریف ،شہباز شریف ، مریم نواز ، حمزہ شہباز ،آصف علی زر داری ، بلاول ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2024ء) عام انتخابات 2024ء میں قومی اسمبلی کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق اب تک متعدد نمایاں سیاسی شخصیات اپنی نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوچکی ہیں جس میں نوازشریف ،شہباز شریف ، مریم نواز ، حمزہ شہباز ،آصف علی زر داری ، بلاول بھٹو زر داری ، مولانا فضل الرحمن ، سردار ایاز صادق ، یوسف رضا گیلانی ، علی موسیٰ گیلانی ، فاروق ستار ، گوہر علی ،علی محمدخان ،عمر ایوب ،اسد قیصر شامل ہیں ۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور ایاز صادق نے کامیابی سمیٹ لی جبکہ پیپلزپارٹی کے بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری اور علی موسیٰ گیلانی کامیاب قرار پائے۔

(جاری ہے)

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، اور متحدہ قومی موؤمنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار بھی کامیاب ہونے والوں میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ گوہر علی خان، علی محمد خان، اسد قیصر اور عمر ایوب خان بطور اذزاد امیدوار قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔اب تک کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف این اے 130 لاہور سے ایک لاکھ 71 ہزار 24 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے اپنی مدمقابل آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دی۔

این اے 123 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف 63 ہزار 953 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ شہباز شریف نے اپنے مدمقابل آزاد امیدوار افضل ندیم کو شکست دی۔غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق این ای207 شہید بے نظیر آباد سے سابق صدر آصف زرداری ایک لاکھ 46 ہزار ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ آصف علی زرداری نے اپنے مدمقابل آزاد امیدوار سردار شیر محمد رند کو شکت دی۔

این اے 265 پشین کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتیجے میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن 52 ہزار 429 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپنے مدمقابل پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ خوشحال کاکڑ کو شکست دی۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی مریم نواز نے 83 ہزار 855 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔ مریم نواز نے اپنے مدمقابل آزاد امیدوار شہزاد فاروق کو شکست دی۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 194 لاڑکانہ سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک لاکھ 31 ہزار 217 ووٹ لے کر جیت گئے۔ بلاول بھٹو نے اپنے مدمقابل جمعیت عملائے اسلام کے ناصر محمود کو شکست دی۔قومی کے اسمبلی کے حلقہ این اے 118 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز نے ایک لاکھ 5 ہزار ووٹ حاصل کرکے فتح سمیٹی۔ حمزہ شہباز نے اپنی مد مقابل آزاد امیدوار عالیہ حمزہ کو شکست دی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے علی موسیٰ گیلانی غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 151 ملتان سے 79 ہزار 80 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ علی موسیٰ گیلانی نے آزاد امیدوار مہربانو قریشی کو شکست دی۔غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 10 سے آزاد امیدوار گوہر علی خان ایک لاکھ 10 ہزار 23 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ گوہر علی خان نے اے این پی کے عبد الرؤف کو شکست دی۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 23 مردان سے آزاد امیدوار علی محمد خان نے ایک لاکھ 2 ہزار 175 ووٹ لے کر فتح سمیٹی۔ انہوں نے اے این پی کے احمد خان کو شکست دی۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 18 ہری پور سے ایک لاکھ 92 ہزار 984 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے۔

انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز خان کو شکست دی۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑنے والے اسد قیصر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 صوابی سے ایک لاکھ 15 ہزار 635 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے فضل علی کو شکست دی۔ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار این اے 244 کراچی سے 20 ہزار 448 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، انہوں نے اپنے مدمقابل آزاد امیدوار آفتاب جہانگیر کو شکست دی۔

کراچی کے حلقہ این اے 248 سے متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کامیاب ہوگئے۔خالد مقبول صدیقی نے ایک لاکھ 30 ہزار 82 ووٹ حاصل کئے جبکہ آزاد امیدوار ارسلان خالد 86 ہزار 342 ووٹ لے کر دوسرے نمبر رہے۔