بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضہ جات کے حجم میں اپریل کے دوران 1.5 فیصد کی نمو ریکارڈ

بدھ 22 مئی 2024 16:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضہ جات کے حجم میں اپریل کے دوران سالانہ بنیادوں پر 1.5 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2024 کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 8 ہزار 381 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اپریل کے اختتام پر 8 ہزار 259 ارب روپے تھا۔

مارچ کے مقابلے میں اپریل میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 0.3 فیصد کی کمی ہوئی۔ مارچ میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 8 ہزار 406 ارب روپے تھا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اپریل میں نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضوں کے حجم میں سالانہ بنیادوں پر 1.7 فیصد کا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

اپریل 2024 کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 7ہزار 243 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اپریل کے اختتام پر 7 ہزار 121 ارب روپے تھا۔ مارچ کے مقابلے میں اپریل میں نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 0.3 فیصد کی کمی ہوئی۔ مارچ کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 7 ہزار 267 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا جو اپریل کے اختتام پر کم ہو کر 7 ہزار 243 ارب روپے ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :