Live Updates

لاہور ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کی مقدمات میں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

سابق وفاقی وزیر نے عدالت میں درخواست دائرکی تھی کہ ان کے خلاف پنجاب کے مختلف شہریوں میں 36 مقدمات درج ہیں لہذا انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی اجازت دی جائے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 27 مئی 2024 16:13

لاہور ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کی مقدمات میں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27مئی۔2024 ) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی پنجاب بھر میں درج مقدمات میں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا. 25 مئی کو لاہور ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے سمیت دیگر الزامات کے تحت پنجاب بھر میں درج مقدمات میں ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کی تھی.

(جاری ہے)

فواد چوہدری کے خلاف پنجاب کے مختلف شہریوں میں 36 مقدمات درج ہیں جن میں پیشی کے لیے انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ فواد چوہدری کے خلاف پنجاب بھر میں 36 مقدمات درج ہیں، اس میں استدعا کی گئی کہ عدالتوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دی جائے. یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سابق راہنما کو 5 اپریل کو جہلم پنڈ دادن خان پروجیکٹ میں خوردبرد کے کیس میں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا تھا اسلام آباد ہائی کورٹ نے یکم اپریل کو مذکورہ کیس میں ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے.

فواد چوہدری نیب کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے اور انہوں نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی تھی علاوہ ازیں 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران جلاﺅ گھیراﺅ کے واقعات پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سمیت سینکڑوں سرگرم کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیئے گئے تھے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات