راولپنڈی میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رہا

منگل 18 جون 2024 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2024ء) راولپنڈی میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رہا، شہریوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے چھوٹے بڑے جانوروں کی قربانی کی، قربانی کے ساتھ ساتھ چٹ پٹے پکوان تیار کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور تفریحی مقامات پر بھی غیر معمولی رش دیکھا گیا ، قربانی سے فراغت حاصل کرنے والے شہریوں نے عزیز و اقارب کے گھروں کا رخ کیا اور مہمان بن کر دعوتیں اڑائیں ، حسب روایت شہریوں نے بار بی کیو کا اہتمام کیا، خواتین کی جانب سے گھروں پر قربانی کے جانور کی کلیجی کے علاوہ مختلف چٹ پٹے پکوان بنائے گئے اور آنے والے مہمانوں کی تواضع کی گئی ، قربانی سے فارغ ہو کر لوگوں کی بڑی تعداد نے پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کیا ، جناح پارک ، نواز شریف پارک ، ایوب پارک اور دوسرے پارکوں اور تفریحی مقامات پر ہزاروں کی تعداد میں بچے بوڑھے اور جوان اپنی فیملیز کے ہمراہ عید کی خوشیاں منانے پہنچے ، بچوں نے اونٹ اور گھوڑے کی سواری کے ساتھ ساتھ خوب جھولے جھولے اور آئس کریم کا لطف اٹھایا ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جانب سے عید قرباں کے دوسرے روز بھی صفائی آپریشن جاری رہا ، قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور باقیات کو تلف کرنے کے ساتھ ، ساتھ صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ، ضلعی انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے روز راولپنڈی سے 3995 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا، کنٹرول روم کو راولپنڈی سے 569 شکایات موصول ہوئیں تھیں جن کا بروقت ازالہ کیا گیا، عید صفائی آپریشن میں 485 گاڑیاں اور 3852 ورکرز شریک ہیں ، ضلعی انتظامیہ کے مطابق آلائشوں کو اٹھانے کے لیے راولپنڈی میں 43 ٹرانسفر اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، دوسری جانب عید کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان کے تحت تقریباً 3000 پولیس افسران اور اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں ، شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے 700 سے زائد افسران ٹریفک ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ عید کے دنوں میں ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں 21 خصوصی پکٹس لگائی گئی ہیں جن پر 200 سے زائد افسران فرائض انجام دے رہے ہیں ، پبلک مقامات اور پارکس پر شہریوں کے تحفظ کے لیے 130 سے زائد افسران جبکہ قبرستانوں پر 260 سے زائد افسران تعینات کیے گئے ہیں، عید الاضحیٰ پر ضلعی پولیس کے ساتھ ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس، ڈولفن فورس اور محافظ اسکواڈ بھی فرائض انجام دے رہا ہے، اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلع بھر کے شہریوں کو طبی سہولت کے علاوہ فوری ریلیف اور ریسکیو خدمات فراہم کرنے کے لیے ہائی الرٹ رہیں۔