ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم جمعرات(کل) کو ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور کا دورہ کریں گے

بدھ 19 جون 2024 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2024ء) پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم،ایران میں پاکستان کے سفیر محمدمدثر ٹیپو اورایران کے لاہور میں کونسل جنرل مہران مواحد فر آج جمعرات (کل)کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) ریجنل آفس لاہور کا دورہ کریں گے۔ دو طرفہ باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اجلاس سے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز،نائب صدر زین افتخار اورنائب صدر قراةالعین خطاب کریں گے۔ اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹو کمیٹی و جنرل باڈی ممبران اور ٹریڈ باڈیز کے عہدیداران خصوصی طور شرکت کریں گے۔ایران اور پاکستان کے سفیرپاکستانی بزنس کمیونٹی کوتجارت کے نئے مواقعوں سے متعلق آگاہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز نے کہا کہ اجلاس کامقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ باہمی تجارت کا فروغ اورنئے مواقعوں کی تلاش کی راہ ہموار کرنا ہے،ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت بہت اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اورایران کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔دونوں ممالک نے اگلے پانچ سالوں میں دو طرفہ تجارت کا حجم 10ارب امریکی ڈالرزتک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے،دو طرفہ تجارت کے فروغ میں ایف پی سی سی آئی اپنابھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔