Live Updates

عمران خان سے علی امین گنڈا پور کی ملاقات،اڈیالہ جیل حکام نے اعتراض اٹھا دیا

جیل حکام نے ملاقاتیوں کی فہرست میں علی امین گنڈا پور کا نام نکال کر کسی اور رہنما کا نام شامل کرنے کا کہا ہے، بانی پی ٹی آئی سے آج 6 پارٹی رہنما ملاقات کریں گے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 20 جون 2024 11:52

عمران خان سے علی امین گنڈا پور کی ملاقات،اڈیالہ جیل حکام نے اعتراض ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20جون 2024 ) بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کی ملاقات پر اڈیالہ جیل حکام نے اعتراض اٹھا دیا،جیل حکام نے ملاقاتیوں کی فہرست میں علی امین گنڈا پور کا نام نکال کر کسی اور رہنما کا نام شامل کرنے کا کہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے آج 6 پارٹی رہنما ملاقات کریں گے۔ ملاقات کرنے والوں میں روف حسن، شبلی فراز، رائے حسن نواز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ثناءاللہ مستی خیل اور خالد خورشید بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔ یہ بھی بتایاگیاہے کہ ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا نام بھی شامل تھا۔ جیل حکام نے علی امین گنڈا پور کی ملاقات پر اعتراض اٹھایا ہے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کو گزشتہ کئی روز سے ملاقات کے اجازت نہیں ملی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے26مئی کو اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ علی امین گنڈاپور اور عمران خان کے درمیان ملاقات جیل کانفرنس روم میں کروائی گئی تھی جو تقریبا 40 منٹ تک جاری رہی تھی۔بانی پی ٹی آئی سے ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس ائی ایف سی) اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا، جب کہ ملاقات میں پارٹی اور ملکی سیاسی صورتحال بارے بات چیت کی گئی تھی۔

سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ختم ہونے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے تھے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ صوبے کی نمائندگی کیلئے اجلاس میں شرکت کی اور صوبے کے عوام کے ریلیف کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔انہوں نے کہا تھاکہ وفاق سے مطالبہ کررہے ہیں کہ ہمارے صوبے کے فنڈز فوری ادا کئے جائیں۔ اپنا کام بھی کریں گے اور ایس آئی ایف سی کے تحت بھی حاضر ہیں، جب کہ اجلاس میں فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس لگانے کی مخالفت کی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات