پاکستان علما کونسل سوات میں ہونے والے افسوسناک واقعہ کی بھرپور مذمت کرتی ہے، حافظ طاہراشرفی

جمعہ 21 جون 2024 17:23

پاکستان علما کونسل سوات میں ہونے والے افسوسناک واقعہ کی بھرپور مذمت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2024ء) پاکستان علما کونسل سوات میں ہونے والے افسوسناک واقعہ کی بھرپور مذمت کرتی ہے ، کسی بھی انسان کا قتل اور سفاکیت اور بربریت کی انتہا کرتے ہوئے اسے جلا دینا ، اس کی اجازت نہ شریعت اسلامیہ دیتی ہے اور نہ آئین اور قانون دیتا ہے ۔یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ طاہر الحسن ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا ابو بکر حمید صابری اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ایسے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس حوالے سے جو مجرمین کے خلاف اقدامات ہونے چاہئیں وہ ناکافی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان علما کونسل اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اگر کسی بھی شخص نے توہین مذہب کی ہے یا قرآن کریم کو معاذ اللہ جلایا ہے یا رسول اللہ ﷺ کی شان میں معاذ اللہ گستاخی کی ہے تو ایسے شخص کو سزا دینا ریاست اور عدلیہ کا کام ہے ۔ اس حوالے سے خود ہی منصف ، خود ہی جلاد اور خود ہی مدعی بننے کی جو روش چلی ہوئی ہے یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔ حکومت اور ریاست کے تمام اداروں بالخصوص پولیس اور عدلیہ کو اس حوالے سے اس طرح کے کیسوں میں بغیر کسی مصلحت اور مفاداور خوف کے فیصلہ کرنا چاہیے۔