Live Updates

اسلام آباد کے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور بات کرنے کو تیار نہیں

معاشرے میں نفرت کی سیاست پھیلائی جارہی ہے، جمہوری قوتوں کو جمہوری قوتوں سے بات کرنی چاہیئے،سیاسی جماعتیں اپنی انا کیلئے پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 جون 2024 21:19

اسلام آباد کے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور بات کرنے کو تیار ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جون 2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور بات کرنے کو تیار نہیں، معاشرے میں نفرت کی سیاست پھیلائی جارہی ہے، جمہوری قوتوں کو جمہوری قوتوں سے بات کرنی چاہیئے،سیاسی جماعتیں اپنی انا کیلئے پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

کراچی لیاری چاکیواڑہ میں سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج مجھے بہت خوشی ہورہی ہے کہ میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کراچی کے عوام کے ساتھ منا رہا ہوں، سب کو معلوم ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اسی شہر کراچی میں پیدا ہوئی تھیں، ان کا کراچی کے عوام کے ساتھ تعلق تاریخ میں لکھا ہوا، لیاری کے عوام شہید محترمہ کے لاڈلے ہیں، انہوں نے زندگی کے مشکل اور خوشی کے دن اسی شہر کے عوام کے ساتھ گزارے، محترمہ کی شادی بھی یہاں پر ہی ہوئی تھی، میں بھی یہاں پر ہسپتال میں پیدا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ہم نے تین نسلوں سے شہر کے عوام کیلئے جدوجہد کی ، محترمہ نے لیاری کے عوام کے ساتھ مل کر دو آمروں کا مقابلہ کیا۔ جب سے میں سیاست میں آیا ہوں تب سے میں بھی کراچی کے عوام کے ساتھ مل کر جدجہد کررہا ہوں، شہر کی ترقی کیلئے عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کرنا چاہتا ہوں، عوام کی مدد سے صوبہ سندھ میں حکومت بنائی، عوام نے مسلسل تیسری بار پیپلزپارٹی کو منتخب کیا، اب عوام کی امیدوں کے مطابق کام کریں گے۔

میں وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں، وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ آبادی بڑھ رہی ہے ،بڑھتی آبادی کیلئے پینے کا پانی ناکافی ہے، ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہے، خاص طور سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب میں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، عوام کو بجلی کا جوبل ملتا ہے وہ ادا نہیں کرپاتے، عوام کا بجلی پہنچانے والے اداروں سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔

سندھ حکومت اپنا منصوبہ لے کر آئے گی، بجٹ میں نیا منصوبہ شروع کریں گے، غریب عوام کو مفت سولر کی سہولت دیں گے، تاکہ عوام کو بجلی لوڈشیڈنگ میں ریلیف مل سکے، باقی عوام کیلئے سبسڈی پر سولرسسٹم فراہم کریں گے، اس منصوبے کو صوبے بھر میں پھیلائیں گے۔ پاکستان کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا مسئلہ ہے، سندھ حکومت ایسے منصوبے لائے گی جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں۔

انہوں نے کہا کہ ججز نے کچھ ایسے فیصلے سنائے ہیں جس سے غریب عوام کو روزگار سے محروم رکھا جارہا ہے، ہماری درخواست ہے اسٹے آرڈر ختم کریں تاکہ عوام کو ان کا حق دلوا سکیں۔ ملک کے معاشی حالات اور مشکلات عوام کے سامنے ہیں، اس وقت حکومت وقت ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی کوشش کررہی ہے، ہم سمجھتے ہیں بہتر ہوتا کہ حکومت اپنے اتحادیوں بالخصوص پیپلزپارٹی سے بات چیت کرکے بجٹ بناتے تاکہ ہم اپنی رائے دے سکتے۔

بجٹ میں اگر پیپلزپارٹی کی رائے شامل ہوتی تو پھر بہتر انداز میں آگے بڑھ سکتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں بہتر ہے پیپلزپارٹی کی شکایات دور کرنے کیلئے اس وقت جو بھی ممکن ہوکیا جائے، تاکہ بجٹ پاس کرسکیں۔ وزیراعظم شہبازشریف کی نیت صاف ہے امید ہے پیپلزپارٹی کے وعدے پورے کریں گے، حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی کوشش کررہی ہے۔ اسلام آباد کے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور بات کرنے کو تیار نہیں، معاشرے میں نفرت کی سیاست پھیلائی جارہی ہے، معاشی مشکلات کے ساتھ سیاسی بحران بھی ہے، سیاسی جماعتیں اپنی انا کیلئے پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہیں،جمہوری نظام کی بہتری کیلئے جمہوری قوتوں کو سیاسی قوتوں سے بات کرنی چاہیئے۔
Live بجٹ سے متعلق تازہ ترین معلومات