Live Updates

عمران خان کی رہائی کیلئے نکالی گئی ریلیوں کیخلاف شیخ وقاض اکرم سمیت پی ٹی آئی رہنماﺅں پر مقدمات درج

مقدمات عوام کو اکسانے ،اشتعا ل انگیزی اورروڈ بلاک کرنے پر درج کئے گئے ہیں جن میںدفعہ 144 اور 16 ایم پی او کی خلاف ورزی کی دفعات شامل کی گئی ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 22 جون 2024 10:29

عمران خان کی رہائی کیلئے نکالی گئی ریلیوں کیخلاف شیخ وقاض اکرم سمیت ..
جھنگ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22جون 2024 ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روزجھنگ ،فیصل آباد اور بہاولپورمیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے نکالی گئی ریلیوں کیخلاف شیخ وقاص اکرم سمیت پی ٹی آئی رہنماﺅں پر مقدمات درج کر لئے گئے ،مقدمات میں دفعہ 144 اور 16 ایم پی او کی خلاف ورزی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق جھنگ میں احتجاجی ریلی نکالنے اور جلسہ کرنے پر پی ٹی آئی رہنما ایم این اے شیخ وقاص اکرم اور متعدد کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تھانہ کوتوالی میں اے ایس آئی کی مدعیت میں درج مقدمہ میں 341.188 اور 16 ایم پی او کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔اسی طرح چنیوٹ میں بھی تحریک انصاف کے ضلعی رہنماوں کیخلاف احتجاج کرنے پر تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

مقدمے میں 13 نامزد اور 12 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ مقدمہ 16 ایم پی او، دفعہ 183 اور 341 ت پ کے تحت درج کیا گیا ہے جبکہ رینالہ خورد میں بھی حکومت مخالف ریلی نکالنے، عوام کو اکسانے، اشتعال انگیزی پھیلانے اور روڑ بلاک کرنے کے الزام پر تحریک انصاف کے 24 رہنماوں و کارکنان کیخلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں این اے اور پی پی کے ٹکٹ ہولڈرز، مقامی رہنماوں، کارکنان سمیت 14 نامزد جبکہ 8 نامعلوم افراد بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے پوری قوم سے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی تھی ۔پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کیلئے مہم کا آغاز گزشتہ روز کیا تھا۔اس حوالے سے رہنماءپی ٹی آئی اسدقیصر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ملک بھر میں پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کیلئے احتجاج کی کال دی گئی تھی۔

بانی پی ٹی آئی ملکی خودمختاری کی جنگ لڑ رہے ہیں، قوم نے ان کا ساتھ نہ دیاتو مطلب وہ اپنا ساتھ نہیں دے رہی۔انہوں نے کہا تھاکہ پنجاب، خیبرپختونخواہ، سندھ، بلوچستان،آزادکشمیراورجی بی میں عوام نکلیں گے۔ پوری قوم سڑکوں پر آئے اور ایک ہی نعرہ لگائے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرو۔اس حوالے سے صوبائی وزیر خوراک خیبرپختونخواہ ظاہر شاہ طورو نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بانی چیئرمین کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی نے ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بھی صوبے کے تمام اضلاع میں بھرپوراحتجاج کا اعلان کیا ہے۔ احتجاج میں بانی پی ٹی آئی کےخلاف بنائے گئے جعلی کیسزکی بھرپور مذمت کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات