مخالفین نے فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کردیا

پیر 24 جون 2024 15:06

مخالفین نے فائرنگ کرکے  تین  افراد کو قتل کردیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2024ء) پولیس تھانہ بلوچنی فیصل آباد کی حدودمیں چک 72 رب باہمنی والا میں مخالفین نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق باہمنی والامیں آصف نامی شخص نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر فائرنگ کرکے تین افراد غفران علی، محمد صدیق اور زبیر کو قتل کردیااور فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق تہرے قتل کی واردات دیرینہ دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتی ہے تاہم پولیس اس حوالے سے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان رضوان بھٹی نے بتایا کہ آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے تہرے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیکر سی پی او فیصل آباد کامران عادل سے رپورٹ طلب کرلی۔

آر پی او نے گرفتاری کے ساتھ ملزمان کے نام پروویژنل نیشنل ایڈنٹی فکیشن لسٹ (ایگزٹ کنٹرول لسٹ) میں ڈلوانے کیلئے اقدامات کرنے کے بھی احکامات جاری کردئیے۔ دوسری جانب سٹی پولیس آفیسر کامران عادل نے واقعہ کانوٹس لے کر ایس پی جڑانوالہ ڈویژن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ سٹی پولیس آفیسر نے جلد از جلد ملزم کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

اہل خانہ اور اہل دیہہ نے احتجاج کرتے ہوئے فیصل آباد، کھرڑیانوالہ، شیخوپورہ، لاہور روڈ بلاک کردی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اعلیٰ پولیس حکام کی یقین دہانی کے بعد روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم آصف ولد اصغر ساکن 72 رب نے پسٹل سے فائرنگ کی جس سے مقتول غفران موقع پرہی دم توڑ گیا جبکہ صدیق اور زبیر ہسپتال میں طبی امداد ملنے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے۔تمام مقتولین 72 رب باہمنی والا کے رہائشی تھے۔