آزاد عدلیہ اور صحافت کی طرح علمی آزادی بھی اہم، فریدہ شہید

یو این منگل 25 جون 2024 00:31

آزاد عدلیہ اور صحافت کی طرح علمی آزادی بھی اہم، فریدہ شہید

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 25 جون 2024ء) حقِ تعلیم پر اقوام متحدہ کی خصوصی اطلاع کار فریدہ شہید نےکہا ہے کہ دنیا کے ہر خطے میں تعلیمی آزادی کو جبر کا سامنا ہے۔ رائے عامہ کو قابو میں لانے کے لیے عائد کردہ پابندیوں سے آزاد سوچ کو نقصان پہنچتا ہے اور تعلیمی و سائنسی آزادی محدود ہو جاتی ہے۔

انہوں نے دنیا بھر میں تعلیم کے حق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو پیش کردہ اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حقِ تعلیم کو براہ راست اور پرتشدد یا دیگر طریقوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

Tweet URL

حکومتوں سے لے کر مذہبی یا علاقائی گروہوں یا شخصیات ، نیم فوجی اور مسلح گروہوں، دہشت گردوں، منشیات کے سمگلروں، کاروباری اداروں، فلاحی شخصیات اور پراثر لوگوں تک بہت سے کردار تعلیمی حق پر پابندیاں عائد کرنے میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

یہی نہیں بلکہ بعض اوقات تعلیمی ادارے، سکولوں کے بورڈ، عملہ، طلبہ اور والدین کی انجمنیں بھی ان پابندیوں کا سبب ہوتی ہیں۔

خصوصی اطلاع کار کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینا ہو گا کیونکہ ان حملوں سے ناصرف جمہوریتوں بلکہ انسانیت کو درپیش بحرانوں سے اجتماعی طور پر نبرد آزما ہونے کی صلاحیتوں کو بھی خطرہ ہے۔

تعلیمی اداروں کی ذمہ داری

فریدہ شہید نے کہا ہے کہ تعلیمی آزادی کا احترام ہونا چاہیے کیونکہ معاشروں کی ترقی میں اس کا اہم کردار ہوتا ہے اور یہ آزادی صحافت یا آزاد عدلیہ کی آزادی جتنی ہی اہم ہے۔

اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں کا بااختیار ہونا بہت ضروری ہے تاہم، تعلیمی، تحقیقی اور تدریسی اداروں کو بھی اس کا احترام کرنا چاہیے۔

اداروں کو بین الاقوامی ضابطوں کی مطابقت سے کیمپس میں آزادی اظہار کا حق یقینی بنانا چاہیے۔ متنازع مسائل پر مباحثے کو فروغ دینا ان کی خصوصی ذمہ داری ہے۔

غزہ کے بحران پر متعدد ممالک میں طلبہ کے مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرامن مظاہرے کرنے والے طلبہ خلاف پرتشدد کارروائی، گرفتاریاں، حراستیں، پولیس کا تشدد، نگرانی اور انضباطی اقدامات و پابندیاں انتہائی پریشان کن ہیں۔

جن لوگوں کو ان کا نشانہ بنایا گیا وہ پرامن اجتماع اور اظہار کی آزادی کے اپنے حق سے کام لے رہے تھے۔

UN Photo/Evan Schneider
مظاہرین نیو یارک میں کولمبیا یونیورسٹی کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔

اصولی راستہ

خصوصی اطلاع کار نے تعلیمی آزادی کے حق پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ اصولوں کی توثیق کرنے اور ان سے کام لینے پر زور دیا۔ یہ اصول اقوام متحدہ کے ماہرین، تعلیمی ماہروں اور سول سوسائٹی کے کرداروں نے ترتیب دیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان اصولوں پر عملدرآمد کر کے دنیا بھر میں تعلیمی آزادی کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سچائی کی تلاش اور اخلاقی و پیشہ وارانہ معیارات کے مطابق اطلاعات کے حصول میں تعلیمی آزادی کا خصوصی کردار ہوتا ہے۔ اسی طرح یہ آزادی معاشرے کے تمام ارکان کے موجودہ مسائل کے حل اور ضروریات کی تکمیل میں بھی مدد دیتی ہے۔ اسی لیے تعلیمی آزادی یقینی بنانے کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔

ماہرین و خصوصی اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔