Live Updates

پی ٹی آئی ،جے یوآئی اور اے این پی ووٹ بینک محفوظ رکھنے کیلئے آپریشن پر سٹینڈ لے رہی ہیں،خواجہ آصف

یہ وقت ووٹ بینک کیلئے نہیں بلکہ ملک کیلئے سٹینڈ لینے کا ہے ، آپریشن عزم استحکام کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں، سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو دور کریں گے،وزیر دفاع کی لاہور میں پریس کانفرنس

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 25 جون 2024 12:10

پی ٹی آئی ،جے یوآئی اور اے این پی ووٹ بینک محفوظ رکھنے کیلئے آپریشن ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25جون 2024 ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ،جے یوآئی اور اے این پی ووٹ بینک محفوظ رکھنے کیلئے آپریشن عزم استحکام پراسٹینڈ لے رہی ہیں،یہ وقت ووٹ بینک کیلئے نہیں بلکہ ملک کیلئے سٹینڈ لینے کا ہے ، آپریشن عزم استحکام کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں، سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو دور کریں گے،ہمارے سیاسی عزائم نہیں ہم ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن سے متعلق تشویش اور سوالات کا جواب دیا جائیگا۔ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کی تشویش کو ضرور دور کریں گے۔ جتنے دن بحث کی ضرورت ہوگی اس پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں کی جائے گی۔ جن اضلاع میں آپریشن ہوگا وہاں تین پارٹیوں کا ووٹ بینک ہے۔

(جاری ہے)

یہ پارٹیاں اپنے ووٹ کی حفاظت کیلئے سٹینڈ لے رہی ہیں۔

جوان روزانہ جانیں دے رہے ہیں۔یہ بدامنی بڑھ سکتی ہے۔اس بدامنی کی ملک کے باہر سے بھی مدد ہورہی ہے۔ کچھ لوگ چاہتے ہیں یہ ملک دنیا کیلئے نوگوایریا بن جائے، کچھ عناصر چاہتے ہیں یہاں کوئی بھی نہ آئے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایپکس کمیٹی بنی ہوئی ہے، کمیٹی میں چاروں وزرائے اعلیٰ نے اس پلان کی مخالفت نہیں کی۔ماضی میں دہشتگردی کے خلاف آپریشنز ہوئے، 2016 میں اے پی ایس کا واقعہ ہوا پھر نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا۔

تمام سیاسی جماعتیں آن بورڈ تھیں۔ سب نے نیشنل ایکشن پلان کو سپورٹ کیا۔وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن عزم استحکام بھی نیشنل ایکشن پلان کا ہی تسلسل ہے۔ ماضی اور آج کی صورتحال میں بنیادی فرق ہے۔ آج فاٹا کا انضمام ہوچکا ہے۔ ماضی میں ان علاقوں پر دہشتگردوں کا قبضہ ہوچکا تھا۔ پورے پورے علاقے دن رات کیلئے نوگوایریاز بن چکے تھے۔

آج ویسی صورتحال نہیں ہے۔آج تمام علاقوں پر ریاست کی رٹ موجود ہے۔ میڈیا کو بھی چاہیے اس آپریشن کو سپورٹ کرے۔ یہ کوئی سیاسی جدوجہد نہیں،قومی سلامتی کی جدوجہد ہے۔ان حالات میں تمام اداروں کی ضرورت ہوگی۔ اس میں صوبے بھی اپنا حصہ ڈالیں۔ کیونکہ صوبوں کے پاس زیادہ فنڈ موجود ہیں۔ اگر رینجرز بلائے جاتے ہیں تو اس کا خرچہ بھی فیڈریشن اٹھاتی ہے۔

صوبوں کو فنانشل سپورٹ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔ اچھے برے عناصر ہمارے سمیت تمام اداروں میں موجود ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پچھلے آپریشن میں نقل مکانی ہوئی تھی۔ یہ آپریشن انٹیلی جنس بیسڈ ہوں گے۔ ردالفساد اور ضرب عضب کے بعد امن قائم ہوا تھامگر طالبان کو دوبارہ لانے اور بسانے کے بعد یہ لہر آئی ہے۔دنیا میں امن ہوچکا، نیٹوکی فوجیں جاچکیں۔ ہم آج بھی نبرد آزما ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اس آپریشن میں بستیوں کو خالی نہیں کرایاجائے گا۔آپریشن کی فنانشل سپورٹ میں صوبوں کو حصہ ڈالنا ہوگا۔
Live آپریشن عزم استحکام سے متعلق تازہ ترین معلومات