عوام کو یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں ریلیف نہ ملنے کا امکان

کئی کیٹیگریز کیلئے گیس کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 25 جون 2024 14:21

عوام کو یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں ریلیف نہ ملنے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2024ء ) حکومت نے یکم جولائی 2024ء سے گیس کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ انگریزی اخبار دی نیوز کے مطابق حکومت نے کیپٹیو پاور پلانٹس (سی پی پیز) کے لیے گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو کی موجودہ قیمت 2 ہزار 750 روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت یکم جولائی 2024ء سے کیپٹیو پاور پلانٹس کی گیس کی قیمتوں میں 250 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کرے گی، جس کے بعد 700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا بقیہ اضافہ یکم جنوری 2025ء سے لاگو کیا جائے گا۔

وزارت توانائی کے سینئر حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حکومت نے سی پی پیز کے علاوہ دیگر تمام کیٹیگریز کے لیے گیس کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس طرح حکومت کو اگلے مالی سال کے لیے مطلوبہ محصولات کی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد 110 سے 115 ارب روپے اضافی محصول کے طور پر جمع ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ملک میں گیس کی قلت کے باوجود 4 لاکھ سے زائد نئیگیس کنکشن دینے کے حوالے سے منصوبہ تیار کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، آئندہ مالی سال کے لیے 4 لاکھ 3 ہزار 50 نئے گیس کنکشن دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاہم اس دوران سندھ اور بلوچستان میں آئندہ مالی سال کے دوران کوئی نیاگیس کنکشن نہ دینے کا منصوبہ ہے کیوں کہ نئے مالی سال سوئی سدرن کیسسٹم پر کوئی نیا گیس کنکشن نہ دینے کا منصوبہ ہے تاہم آئندہ مالی سال کے دوران سوئی ناردرن کیس سٹم پر 4 لاکھ 3 ہزار50 نئے گیس کنکشنز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جب کہ اس وقت نئے گھریلو صارفین کے گیس کنکشن پر پابندی عائد ہے۔