کشمیری وفد کی انٹرنیشنل ایسوسی ایشن فار ہیومن رائٹس ایڈووکیسی کی نمائندہ سے ملاقات، بھارتی عدالتی نظام کے تعصب بارے آگاہ کیا

منگل 25 جون 2024 21:30

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2024ء) جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر ایک کشمیری وفد نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن فار ہیومن رائٹس ایڈووکیسی کی نمائندہ کے پورمیکا سے ملاقات کی اور انہیں کشمیریوں سے متعلق بھارتی عدالتی نظام کے تعصب کے بارے میں آگاہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈووکیٹ پرویزاحمد شاہ اور ڈاکٹر ولید رسول پر مشتمل کشمیری وفد نے ملاقات کے دوران کشمیری نظربندوں کی حالت زارکو اجاگر کیا اور بتایا کہ کشمیری نظربندوں کے مقدمات میں دانستہ طور پر تاخیر اور وکلاء اور اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی ہے ۔

ان کے مقدمات کی سماعت دور دراز کی خصوصی عدالتوں میں کی جاتی ہے جبکہ بھارتی جیلوں میں انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے کے علاوہ سیاسی نظربندوں سے رہائی پر حق خود ارادیت کی حمایت سے دستبردار ہونے کے بانڈز پر دستخط کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

وفد نے بتایا کہ غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کو اکثر انکے خلاف مقدمات کی سماعت پر مقررہ تاریخوں پر عدالتوں میں پیش نہیں کیاجاتاہے۔ بھارتی جیلوں میں کشمیری نظربندوں کو درپیش شدید مشکلات کے بارے میں وفد نے بتایاکہ کشمیری نظربندوں کو بین الاقوامی قانون اور جیل مینوئل کے تحت بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔کے پورمیکا نے بھارت کے متعصب قانونی نظام پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔