معیشت اہم دوراہے پر کھڑی ہے،ہمارے فیصلوں کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے،یوسف رضاگیلانی

موجودہ حالات کے ذمہ دار چند عوامل ہیں ان میں سے ایک افراط زر ہے جس نے متوسط طبقے کی فلاح و بہبود پر منفی اثرات ڈالے ہیں،ہماری معیشت تقریباً ایک دہائی تک جمود کا شکار رہی ہے جس سے ملکی ترقی میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں،چیئرمین سینیٹ کا تقریب سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 27 جون 2024 11:09

معیشت اہم دوراہے پر کھڑی ہے،ہمارے فیصلوں کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے،یوسف ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27جون 2024 ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ معیشت اہم دوراہے پر کھڑی ہے اورہمارے فیصلوں کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے،موجودہ حالات کے ذمہ دار چند عوامل ہیں ان میں سے ایک افراط زر ہے جس نے متوسط طبقے کی فلاح و بہبود پر منفی اثرات ڈالے ہیں۔ ہماری معیشت تقریباً ایک دہائی تک جمود کا شکار رہی ہے جس سے ملکی ترقی میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام پائیدار ترقی کی خاطر پاکستانی معیشت کی بہتری کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں شرح سود میں اضافے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں اور صنعتوں کی بقا خطرے میں پڑ گیا ہے۔

(جاری ہے)

در آمدات پر بڑے پیمانے پر پاپندیوں کی وجہ سے معیشت کے فروغ میں مسائل سامنے آئے ہیں۔

ملک کی معیشت کی بحالی کیلئے جامع اور پائیدار ترقی کا فروغ ناگزیر ہے اورملکی معیشت کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں خود انحصاری کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ ہمیں قرضوں اور غیر ملکی امداد پر انحصار کم کرنا ہوگا۔سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے اوریہ رجحان مزید مستحکم اور حوصلہ افزائی کا متمنی ہے۔ توانائی کا بحران اور خاص طور پر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پانا موثر حکمت عملی کا تقاضہ کرتا ہے۔

ہماری سرمایہ کاری سے ڈی جی پی کا تناسب 13 فیصد تک ہو گیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہمیں قرضے لے کر سرمایہ کاری بڑھانے کے طریقہ کا ر کی تجاویز کو بدلنا ہوگا اوربیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات اور برآمدات میں اضافہ کیلئے حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی جبکہ ادائیگیوں کے توازن کو برقرار رکھنے کیلئے ہمیں ایک جامع اور موثر حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا۔

پاکستانی قوم فطری طور پر باصلاحیت ہے، پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے جتنی زیادہ ملک میں سرمایہ کاری و تجارت ہو گی اتنا ہی ملک کی معاشی و سماجی ترقی میں بہتری آئے گی۔ ملکی معیشت کی بہتری، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ جامع ترقی کے حصول کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت سمیت تمام پیشہ وارانہ شعبوں میں خواتین کی شرکت کو یقینی بنانا ہوگا۔