ہم ہمیشہ فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے،محترمہ امتیاز نسیم

جمعرات 27 جون 2024 15:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2024ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کی وزیر جموں وکشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم نے نہتے فلسطینیوں پر قابض اسرائیلی فورسز کی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے،اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے۔انھوں نے کہا کہ ساڑھے سات دہائیوں میں اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ منظم اور بڑھتی ہوئی بربریت روا رکھی اور بے گناہوں کا خون بہایا۔

انہوں نے کہا کہ معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے، غیر قانونی آبادکاری،قبضہ، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی،انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔انھوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کے مسائل کی جڑ ہے اور فلسطین کے مسئلہ کا حل اقوام عالم اور خاص طور پر خطے کے امن کے لئے نا گزیر ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی علم بردار تنظیمیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فلسطین کے مسئلے کو سنجیدہ لیتے ہوئے جلد سے جلد بہتری کے لئے اقدامات اٹھائیں اور بین الاقوامی برادری جلد ازجلد مسئلہ فلسطین کے جامع اور منصفانہ حل کیلئے کردار ادا کرے۔

انھوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل فلسطینیوں، خطے اور دنیا کے مفاد میں ہے ہم بحیثیت کشمیری فلسطینیوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی آزادی اور حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھاتے رہے گے۔تمام مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔