سعودیہ عرب کی صومالیہ میں اقتصادی بحالی میں مدد ،اوپیک فنڈ کے ساتھ معاہدے پر دستخط

جمعرات 27 جون 2024 17:25

ویانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2024ء) سعودی عرب نے صومالیہ کی اقتصادی بحالی میں مدد کے لیے اوپیک فنڈ اور مشرقی افریقی ملک صومالیہ کے ساتھ تین طرفہ معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ العربیہ اردو کے مطابق ویانا میں اوپیک فنڈ ڈویلپمنٹ فورم اور وزارتی اجلاس کے موقع پر سعودی وزیرِ خزانہ محمد الجدعان نے اپنے صومالی ہم منصب بیہی ایگے اور فنڈ کے صدر عبدالحمید الخلیفہ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔

سعودی عرب کا تازہ ترین معاہدہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے شدید مقروض غریب ممالک (ایچ آئی پی سی) کے لئے کیے گئے اقدام سے ہم آہنگ ہو گا جو 1996 میں اس بات کو یقینی بنانے کی غرض سے شروع کیا گیا تھا کہ کسی بھی غریب ملک کو قرضوں کے ناقابلِ برداشت بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

سعودی وزیرِ خزانہ نے 2 روزہ تقریب میں سعودی عرب کی ان کوششوں پر روشنی ڈالی جو وہ اپنی معیشت کو متنوع بنانے اور تیل کے علاوہ دیگر شعبوں سے ہونے والی آمدنی کو بڑھانے کے لئے کر رہا ہے۔

اس مقصد کے لئے سعودی وژن 2030 کے حصے کے طور پر ملازمت کے شعبے میں اصلاحات اور سعودی نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم و تربیت میں مسلسل ترقی کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی حمایت کرتے ہوئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے ماحولیاتی نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے اوپیک فنڈ کے توسیعی ہیڈ کوارٹر کے افتتاح میں بھی حصہ لیا جو ویانا کی تاریخی رنگ روڈ پر تزئین شدہ پیلس کولوریڈو-مینسفیلڈ میں واقع ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریا میں قائم کثیر الجہتی ترقیاتی مالیاتی ادارہ 1976 میں پٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) کے رکن ممالک نے قائم کیا تھا جس کا مقصد گروپ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے درمیان تعاون بڑھانا اور کم آمدنی والے ممالک کی سماجی اور مالی مدد کرنا تھا۔ سالانہ ویانا فورم خوراک، توانائی، صاف پانی، صفائی، صحت کی نگہداشت اور تعلیم جیسی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے لوگوں اور منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔