برطانیہ کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، گورنرسندھ

برطانیہ کے سرمایہ کار صوبہ میں مزید سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں، قائم مقام ہائی کمشنر

جمعرات 27 جون 2024 18:14

برطانیہ کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلام آباد میں برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیشسے ملاقات کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے تحت صوبہ میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع دستیاب ہیں، ایس آئی ایف سی کی تشکیل کا مقصد ملک بھر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھرپور سہولیات فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے کئی شعبے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان افرادی قوت سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے سرمایہ کار پرکشش شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے متوقع نتائج حاصل کرسکتے ہیں اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد، تعاون اور معاونت بھی فراہم کرے گی۔گورنر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے ذریعہ سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ کے سرمایہ کار سندھ میں مزید سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔