گورنرسندھ نے عبد اللہ شاہ غازیؒ کے 1294ویں سالانہ عرس کا افتتاح کردیا

مزار پر چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی ترقی و مسائل کے حل کے لئے خصوصی دعائیں بھی کیں

جمعرات 27 جون 2024 19:53

گورنرسندھ نے عبد اللہ شاہ غازیؒ کے 1294ویں سالانہ عرس کا افتتاح کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عبداللہ شاہ غازیؒ کے 1294 ویں سالانہ عرس کا افتتاح کر دیا۔ گورنر سندھ نے مزار پر چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے زائرین میں کپڑے، پانی، جوس اور لنگر بھی تقسیم کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اس عظیم ولی کے طفیل پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے مانگی گئی دعائوں کو رد نہیں کرے گا انشاء اللہ بہت جلد پاکستان معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہو جائے گا، آج صوبہ اور کراچی میں شدید گرمی کی شدت میں کمی اور بارشوں کے لئے بھی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف ایس آئی سی ایف کے ذریعہ سرمایہ کاری لانے کے لئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو 2برس کے دوران کافی نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ میری درخواست پر بوہرہ جماعت کے روحانی پیشواء پاکستان آرہے ہیںحالانکہ انہیں پانچ دیگر ممالک سے بھی خطوط لکھے گئے تھے لیکن بوہر ہ جماعت کے افراد نے مجھے بتایا کہ میرے خط پر روحانی پیشوا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان آنے کا اظہار کیا ہے جو کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے ان کی آمد سے 50ہزار سے زائد افراد شہر میں آئیں گے جس سے معاشی سرگرمی میں اضافہ ہوگا۔

گورنر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اسلام آباد میں تین روز سے معاشی استحکام کے لئے کام کررہا ہوں, اس دوران کئی سفراء سے ملاقاتیں کیں، متحدہ عرب امارات کے سفیر نے یقین دلایا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر سندھ میں بھی سرمایہ کاری کریں گے، ترکیہ کے سفیر نے ہمارے ساتھ بہت زیادہ تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ سعودی عرب ، قطر ، کویت اور دیگر ممالک کے سرمایہ کار بھی جلد مزید سرمایہ کاری کریں گے، بیرونی سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع اور خوشحالی یقینی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ شدید گرمی میں کے الیکٹرک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ یقینی بنائے۔