Live Updates

پاکستان کی سالمیت کیلئے ٹی ٹی پی کو سرحد پاربھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے

افغان سرزمین سے دہشتگردی ایکسپورٹ ہونا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کی سکیورٹی صورتحال پر چین کے تحفظات ہیں، سکیورٹی صورتحال بہتر ہوجائے تو ہم چین کی پہلی ترجیح ہیں۔وزیردفاع خواجہ آصف کا انٹرویو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 27 جون 2024 20:52

پاکستان کی سالمیت کیلئے ٹی ٹی پی کو سرحد پاربھی نشانہ بنایا جاسکتا ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون 2024ء) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کیلئے ٹی ٹی پی کو سرحد پاربھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے، افغان سرزمین سے دہشتگردی ایکسپورٹ ہونا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کی سکیورٹی صورتحال پر چین کے تحفظات ہیں، سکیورٹی صورتحال بہتر ہوجائے تو ہم چین کی پہلی ترجیح ہیں۔

امریکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عزم استحکام آپریشن شروع کرنے کی پالیسی جلد بازی میں نہیں آئی ، پچھلے دنوں دہشتگردی کے واقعات میں بہت اضافہ ہوا ہے، کچھ سیاسی گروپ اور جماعتیں سیاسی مفادات کیلئے اس کی مخالفت کررہے ہیں، عزم استحکام آپریشن پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کئے جائیں گے، اس کو قومی اسمبلی میں لائیں گے، اپوزیشن کو آپریشن کے خدوخال بتائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی سے کیا بات چیت ہونی ہے؟ کوئی کامن گراؤنڈ ہو تو بات ہوسکتی ہے۔پی ٹی آئی اپنے دور حکومت میں بات چیت کے ذریعے 4 سے 5ہزار طالبان لے کر آئیں ہیں۔وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دہشتگردی ختم نہیں ہوگی تو غیرملکی سرمایہ کاری کیسے آئے گی؟پاکستان کی سالمیت کیلئے ٹی ٹی پی کو سرحد پار نشانہ بنایا جاسکتا ہے، ٹی ٹی پی سرحد پار سے اور ان کے کچھ سیل پاکستان کے اندر بھی کام کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر افغانستان سے 4، 5لوگ پاکستان لائے گئے تھے، افغان سرزمین سے ہماری سرزمین پر دہشتگردی ایکسپورٹ ہونا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، پاکستان میں دہشتگردی کرنے والے افغان سرزمین پر پناہ لئے ہوئے ہیں، ایک فریق ہمسائیگی کا حق ادا نہیں کررہا اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

آپریشن میں امریکا کی مدد نہیں لیں گے ہم خود کریں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی صورتحال پر چین کے تحفظات ہیں۔چین پاکستان کو معاشی طور پر خود مختار دیکھنے کا خواہش مند ہے، پاکستان اگر سکیورٹی صورتحال بہتر بنا لے تو ہم چین کی پہلی ترجیح ہیں، معاشی مشکلات بھی ایک وجہ ہے جس کے باعث آپریشن کیا جارہا ہے، جب تک دہشتگردی ختم نہیں ہوگی ہماری معاشی صورتحال بہتر نہیں ہوگی۔

پچھلے فوجی آپریشنز ناکام نہیں تھے ، آپریشنز کے بعد سویلین حکومتوں کو جو کردار ادا کرنا تھا نہیں کیا گیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا جواب عدالت ہی دے سکتی ہے، وزیراعظم کی سیاسی رہنماؤں سے بات چیت کی پیشکش میں عمران خان بھی شامل ہیں، وزیراعظم نے براہ راست عمران خان کو مخاطب کرکے مذاکرات کی غیرمشروط پیشکش کی ، اپوزیشن ہاں کرے تو بات چیت کا مشترکہ ایجنڈا اور طریقہ کار طے ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات