Live Updates

اپوزیشن کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے پورے تعلیمی نظام میں تبدیلی لانا پڑ رہی ہے‘وزیر تعلیم

مریم نواز حکومت کی ابتدائی 100 روزہ کارکردگی اپوزیشن سے ہضم نہیں ہو رہی‘ رانا سکندر حیات سکل ڈویلپمنٹ پر بھرپور توجہ، گوگل کے تعاون سے 3 لاکھ نوجوانوں کو ڈیجیٹل کورسز کرائیں گے‘پنجاب اسمبلی میں گفتگو

جمعہ 28 جون 2024 21:51

اپوزیشن کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے پورے تعلیمی نظام میں تبدیلی لانا پڑ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2024ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا اسمبلی اجلاس میں طویل ترین خطاب پنجاب حکومت کے آئندہ 5 سالوں کی پالیسی پر مشتمل خطاب تھا،مریم نواز حکومت کی ابتدائی 100 روزہ کارکردگی اپوزیشن سے ہضم نہیں ہو رہی تو باقی 4 سال 9 ماہ وہ کیسے گزاریں گے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں اساتذہ کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب نے ابھی بہت ترقی کرنی ہے۔

ابھی شروعات ہیں۔ اپوزیشن ترقی اور کارکردگی کو ہضم کرنا سیکھے۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ایسی اصلاحات لا رہے ہیں جن پر ماضی میں اگر سنجیدگی سے کام کر لیا جاتا تو آج تعلیمی نظام وینٹی لیٹر پر نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن نے 5 سال قوم کو اندھیرے میں رکھا۔ اپوزیشن کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے پورے نظام میں تبدیلی لانا پڑ رہی ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پہلی بار ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ری اسٹرکچر کرنے جارہے ہیں۔ ہم نے مختصر وقت میں آئوٹ آف سکول بچوں کو انرول کرنے کا جامع پلان بنایا ہے۔ ارلی ایئر ایجوکیشن کو بھی تعلیمی نظام کاحصہ بنانے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چلڈرن لائبریری میں سپیشل ایجوکیشن سکول قائم کریں گے جس کی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب نے دے دی ہے۔

پبلک سیکٹر کے سکولوں کو سینٹر آف ایکسیلینس بنا کر ہی دم لیں گے۔ اساتذہ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے یہ بھی کہا کہ 27 ارب روپے کی لاگت سے صوبے بھر میں پانچویں کلاس تک بچوں کو مفت دودھ مہیا کرنے کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں۔ یہ منصوبہ بچوں کی غذائی ضرورت پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم بھی دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔

سکولوں میں سکل ڈیولپمنٹ پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ ہر سال 3 لاکھ بچوں کو ڈیجیٹل تعلیم کے کورس کرائے جائیں گے۔ گوگل انٹرنیشنل 3 لاکھ پاکستانی بچوں کو ٹریننگ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء میں صحتمندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ہر یونین کونسل کی سطح پر سپورٹس گراؤنڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جلد سپورٹس گراؤنڈز بننا شروع ہو جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی سلیکشن کا عمل جاری ہے، وائس چانسلرز کی ہر صورت میرٹ پر ہی تقرریاں ہوں گی۔ ایک بھی وائس چانسلر کا تقرر میرٹ کے بغیر نہیں ہوگا، نہ ہی کسی سفارش کو خاطر میں لایا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات