تاریخی عمارتیں ہمارا اثاثہ، سیاحت کو فروغ دے کر معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے، چوہدری شافع حسین

ہفتہ 29 جون 2024 15:40

تاریخی عمارتیں ہمارا اثاثہ، سیاحت کو فروغ دے کر معیشت کو مضبوط کیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2024ء) محکمہ صنعت و تجارت کے زیر اہتمام تاریخی عمارتوں کی بحالی پر تحریر کردہ کتاب کی تقریب رونمائی پونچھ ہائوس میں منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے، سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے بحال کی گئی تاریخی عمارتوں پر روشنی ڈالی۔صوبائی وزیرچوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی عمارتیں ہمارا ورثہ ہیں انہیں محفوظ بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، سیکرٹری صنعت و تجارت اور ان کی ٹیم نے محکمہ کی تاریخی عمارتوں کو بحال کرکے شاندار کام کیا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب بھر میں موجود تاریخی عمارتوں کی بحالی پر متعلقہ محکمے توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دے کر قومی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے، میڈیا سیاحوں کو تاریخی اور سیاحتی مقامات بارے آگاہی فراہم کرے،سیاحوں کو محفوظ ماحول اور آگاہی دے کر سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کو آئی ٹی کے جدید کورسز مفت کرائے جارہے ہیں ،عالمی مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے گجرات میں عالمی معیار کا فرنیچر کالج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فرنیچر کالج کے بننے سے انڈسٹری فروغ پائے گی اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے کہا کہ تاریخی عمارات کی بحالی محکمہ آثار قدیمہ کی ہی نہیں سب کی ذمہ داری ہے، پونچھ ہائوس کی عمارت، شادی لال بلڈنگ، رسول یونیورسٹی اور محکمہ صنعت و تجارت کی دیگر عمارتوں کی تاریخی حیثیت بحال کی گئی ہے، 1928میں بننے والے ٹیکسٹائل کالج فیصل آباد کو بھی اصل حالت میں بحال کریں گے۔

مختلف محکموں کے سیکرٹریز، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ،ڈی جی انڈسٹریز اور دیگر شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام پنجاب سرمایہ کاری بورڈ نے کیا تھا۔صوبائی وزیر صنعت نے تقریب میں دستکاریوں کے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اور فن پاروں کو سراہا۔انہوںنے سیکریٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ کے ہمراہ تاریخی عمارتوں کی بحالی پر تحریر کردہ کتاب کی رونمائی بھی کی۔