Live Updates

مریم نواز کا طرز حکمرانی منفرد ،اقدامات نظر آرہے ہیں، اپوزیشن ملک کو آگے بڑھنے دے‘ پنجاب حکومت

اربوں روپے کی گندم موجود، روٹی مہنگی نہیں کرنے دیں گے، آٹامہنگا کرنے میں ملوث فلور مل خلاف سخت ایکشن ہوگا

ہفتہ 29 جون 2024 18:41

مریم نواز کا طرز حکمرانی منفرد ،اقدامات نظر آرہے ہیں، اپوزیشن ملک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا طرز حکمرانی منفرد ہے،انکے اقدامات نظر آ رہے ہیں، اپوزیشن بس کردے ،ملک کو آگے بڑھنے دے،حکومت کا کام مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے،وزیراعلی مریم نواز نے جو کہا وہ کرکے دکھایا، پنجاب میں بہترین اقدامات سے آٹے کی قیمت میں کمی ہوئی جس کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچا،غریب آدمی کا نوالہ سستا کرنا مریم نواز کا مشن ہے،حکومت پنجاب کے پاس اربوں روپے کی گندم موجود، روٹی مہنگی نہیں کرنے دیں گے، آٹامہنگا کرنے میں ملوث فلور مل خلاف سخت ایکشن ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری اور وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے ڈی جی پی آر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی طرز حکومت سے نہیں لگتا کہ ان کی پہلی حکومت ہے، ،پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعلی پنجاب بذات خود مانیٹر کر رہی ہیں۔حکومت کے پہلے 100دنوں میں تاریخی اقدامات اٹھائے گئے۔

پنجاب اسمبلی میں کسی بھی وزیر اعلی کی سب سے جامع اور بہترین پرفارمنس پر مبنی ریکارڈ تقریر تھی۔وزیر اعلی پنجاب نے واضح پیغام دیا کہ اب پاکستان کو آگے بڑھنے دیں، ہم نعرے بازی پر نہیں کام پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا طرز حکمرانی منفرد ہے، تمام حکومتی مشینری مریم نواز کے ساتھ کام کررہی ہے، مریم نوازکو بیورو کریسی کا مکمل تعاون حاصل ہے۔

پنجاب کی تاریخ میں بہت سے نئے منصوبے متعارف کرائے جارہے ہیں، مریم نواز کے تمام 100منصوبے عملی طور پرموجود اور زمین پر نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے،پنجاب میں روٹی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ اس پر عمل درآمد بھی کروایا، وزیر خوراک کو جب بھی کوئی ٹاسک دیا گیا انہوں نے اسے مکمل کیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ تمام حکومتی مشینری مریم نواز کے ساتھ کام کر رہی ہے، اب غریب عوام 100سے 150 روپے میں باآسانی سبزی خرید سکتی ہے۔

مرغی کے گوشت کی قیمت 800روپے سے کم کر کے 400سے نیچے لے آئے ہیں، اسی طرح دیگر اشیا خورونوش کے نرخوں کو بھی عام آدمی کی پہنچ میں لانا وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے جو کہا وہ کرکے دکھایا،انکی قیادت میں عوامی ریلیف کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، جب حکومت بنائی تو پنجاب میں آٹا 2800کا تھا جو اب 50فیصد کم ہو چکا ہے،بہترین اقدامات سے آٹے کی قیمت میں کمی کی گئی، آٹے کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچا، پنجاب میں روٹی 20، 25روپے سے کم کر کے 12، 14روپے پر لے آئے ۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ کوالٹی اور قیمتوں پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،جو فلور مل آٹا مہنگا کرنے میں ملوث ہوئی اسکے خلاف سخت ایکشن ہوگا،غریب آدمی کا نوالہ سستا کرنا مریم نواز کا مشن ہے، پنجاب میں بزدار یا نیازی نہیں بلکہ مریم نواز شریف ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ فیلڈ میں نکلیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیں۔

پنجاب میں گندم کا 23 لاکھ ٹن کیری فارورڈ سٹاک موجود ہے۔ پاسکو کا سٹاک بھی موجود ہے لہذا کسی صورت آٹا مہنگا نہیں ہونے دیں گے۔ گندم کی وجہ سے محکمہ خوراک پر 375 ارب کا قرض ہے جس کی ادائیگی کر رہے ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ مئی جون میں قرض کم ہو رہا ہے اور ادائیگی کر رہے ہیں۔ اربوں روپے کی گندم موجود ہے اور جلد ہی لون فری سٹیٹس پر جا رہے ہیں۔

حکومت کے ابتدائی ایام میں فوڈ اتھارٹی نے 6 لاکھ لٹر ناقص دودھ اور 3 لاکھ کلو ناقص گوشت تلف کیا۔ وزیر خوراک، سیکرٹری سمیت تمام ٹیم فیلڈ میں ایکٹو ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے فروٹ کی چیکنگ کیلئے نے خصوصی ہدایت کی ہے۔ خطرناک کیمیکل لگے آم مارکیٹ میں نہ آنے پائیں اسکے لیے ٹیمیں متحرک کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک نے 100دن میں بہت اہم کام کیے، غیرمعیاری دودھ اور مشروبات کو ضبط کرکے ضائع کیا گیا، فیلڈ آفیسرز نے غیر معیاری دودھ اور مشروبات کو پکڑ کر ضائع کیا۔پھلوں میں مضر صحت کیمیکلز کیخلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے،اپوزیشن اب بس کر ے، پاکستان کو آگے بڑھنے دے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات