پی ٹی آئی رہنمازبان ، لہجے اور رویہ پر نظرثانی کریں،شیری رحمان

دوسروں کا استعفیٰ مانگنے والے آج کل ایک دوسرے کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں‘بیان جاری

ہفتہ 29 جون 2024 19:40

پی ٹی آئی رہنمازبان ، لہجے اور رویہ پر نظرثانی کریں،شیری رحمان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2024ء) نائب صدر پیپلز پارٹی اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنی غلط زبان، لہجے اور رویہ پر نظر ثانی کریں۔اپنے ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں تقسیم اور نفرت کی سیاست کے بیج بونے والی جماعت آج کل خود بدترین تقسیم اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، دوسروں کا استعفیٰ مانگنے والے آج کل ایک دوسرے کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اختلافات ہر سیاسی جماعت میں ہوتے ہیں لیکن یہاں تو ہر کوئی ایک دوسرے سے استعفے کا مطالبہ اور بیان بازی کر رہا ہے، بیشک انسان وہی کاٹتا ہے جو بوتا ہے، اس نفرت اور تقسیم کی سیاست کا انجام بھی یہی ہونا ہے۔رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی خوشنودی حاصل کرنے کی دوڑ میں تحریک انصاف کا ہر رہنما مخالفین کے خلاف بلند آواز میں الزام تراشی اور گالم گلوچ کا سہارا لے رہا ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماء پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنی غلط زبان، لہجے اور رویے پر نظر ثانی کریں، سرخ لکیر کراس کرنے سے بہتر ہے کہ ضابطہ اخلاق کے اندر رہ کر سیاست کی جائے۔