قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان کا نیویارک اور پنجاب کو ’’سسٹر اسٹیٹ ‘‘بنانے سے متعلق قرارداد پر اتفاق

پیر 1 جولائی 2024 22:51

قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان کا نیویارک اور پنجاب کو ’’سسٹر اسٹیٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2024ء) قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مسٹرفل ریموس کی سربراہی میں وفد سے گو رنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔وفد میں انجیلا ریموس، الیس بروک، کرسٹیئن ماکاری، میگیل مینا، اطہر ترمذی، روساریو، ڈاکٹر اعجاز احمد، امتیاز راہی، ڈاکٹر خالد محمود، رخسانہ محمود، ڈاکٹر پرویز اقبال، طارق خان، اشفاق احمد، عامر میمن، افتخار سعید، ڈاکٹر سعدیہ طاہر، امتیاز پیرزادہ، نعیم ہارون، عمران راشد، سلیمان راشد، ہارون راشد، فراز نصیر اور نعیم اختر موجود تھے۔

ملاقات میں نیویارک اور پنجاب کے درمیان ’’سسٹر اسٹیٹ ‘‘بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ دورانِ ملاقات پاک امریکہ تعلقات، پارلیمانی امور سمیت تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کو فروغ دینے پر بھی گفتگوہوئی۔

(جاری ہے)

قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے نیویارک اور پنجاب کو سسٹر اسٹیٹ بنانے سے متعلق قرارداد پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ قرارداد سے امریکی ریاست اور پاکستان کے صوبوں کے درمیان تجارت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑے گا۔

پنجاب اور نیویارک قانون ساز اسمبلی ایک دوسرے کے تجربا ت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستان امن کا خواہاں اور عملی کوششوں میں عالمی برادری کا شراکت دار ہے۔ قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ معیشت کی بہتری اور تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مضبوط جمہوری نظام کے قیام کے لئے پنجاب اسمبلی اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی فل ریموس نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے مابین خوشگوار تعلقات بڑھانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ حکومت پنجاب کے ساتھ نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے ایک معاہدے کرنا چاہتے ہیں۔ بعدازاں قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے ڈپٹی سپیکر نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی مسٹر فل ریموس کو تحائف پیش کیے۔

ملاقات میں صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق، اراکین اسمبلی ذکیہ شاہنواز، آسماء احتشام الحق، ملک احمد سعید، چوہدری افتخار حسین چچھڑاور عارف محمود گل موجود تھے ۔اسمبلی سیکرٹریریٹ سے سیکرٹری جنرل چوہدری عامر حبیب، ایڈوائزر ٹو سپیکر اسامہ خاور گھمن، سٹاف آفیسر عماد حسین بھلی، ترجمان پنجاب اسمبلی راؤ ماجدعلی اور آفیسر تعلقات عامہ برائے گورنرپنجاب لالہ رخ بھی موجود تھیں۔