خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز کے دو الگ الگ آپریشنز، 9 دہشتگرد مارے گئے

لکی مروت میں 2 دہشتگرد، جبکہ تیراہ میں دہشتگرد کمانڈر نجیب اللہ عرف عبدالرحمان، اشفاق عرف معاویہ سمیت 7 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے، دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 1 جولائی 2024 23:21

خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز کے دو الگ الگ آپریشنز، 9 دہشتگرد مارے ..
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی 2024ء ) پاک سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ میں 2 الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے، سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں 9 دہشتگرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے علاقے تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن میں دہشتگرد کمانڈر نجیب اللہ عرف عبدالرحمان ہلاک کردیا گیا، آپریشن میں اشفاق عرف معاویہ سمیت 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

مارے گئے دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ اسی طرح سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں دوسرا آپریشن کیا ، آپریشن میں دو دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔