جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نامزد

جوڈیشل کمیشن نے جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کردی

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 جولائی 2024 16:53

جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نامزد
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی 2024ء ) جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نامزد کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تقرری کیلئے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں ہوا، اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی تقرری پر غور کیا گیا، اس دوران جوڈیشل کمیشن نے سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر موجود جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی، جسٹس عالیہ نیلم کی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کی سفارش کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوادیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کیلئے طریقہ کار تبدیل کیا گیا اور پہلی مرتبہ سینئر جج کو نامزد کرنے کی بجائے ٹاپ تھری ججز میں سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا انتخاب ہوا، لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج اور قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عالیہ نیلم میں سے ایک کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کیلئے جوڈیشل کمیشن میں ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے ممبران کی تعداد چیف جسٹس پاکستان سمیت مجموعی طور پر 12 ہے، ان میں سپریم کورٹ کے ٹاپ 5 ججز چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس امین الدین خان، 2 ریٹائرڈ ججز جسٹس ریٹائرڈ منظور احمد ملک اور جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود شامل ہیں، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑاور صوبائی وزیر قانون ملک شعیب، اٹارنی جنرل، ممبر پاکستان بار کونسل اختر حسین اور ممبر پنجاب بار کونسل اسد محمود عباسی بھی جوڈیشل کمیشن کا حصہ ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی نامزد چیف جسٹس عالیہ نیلم 1966ء میں پیدا ہوئیں، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاء کالج سے 1995ء میں قانون کی ڈگری حاصل کی، جسٹس عالیہ نیلم 1996ء میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئیں، جس کے بعد جسٹس عالیہ نیلم 1998ء میں ہائیکورٹ اور 2008ء میں سپریم کورٹ کی وکیل بنیں، جسٹس عالیہ نیلم آئینی، سول، فوجداری، دہشت گری سمیت دیگر شعبوں میں پریکٹس کرتی رہیں، جسٹس عالیہ نیلم 2013ء میں لاہور ہائیکورٹ کی ایڈہاک جج کے طور پر تعینات ہوئیں اور 2015ء میں لاہور ہائیکورٹ کی مستقل جج بن گئیں، 2 جولائی 2024ء کو جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نامزد کیا، جسٹس عالیہ نیلم کو اگر سپریم کورٹ میں تعینات نہ کیا گیا تو وہ 11 نومبر 2028ء کو ریٹائیرڈ ہوجائیں گی۔