باجوڑ میں دھماکہ، سابق سینیٹر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے

ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران ڈمہ ڈولہ میں گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 جولائی 2024 18:08

باجوڑ میں دھماکہ، سابق سینیٹر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے
باجوڑ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ باجوڑ میں دھماکے میں سابق سینیٹر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کے سابق سینیٹر ہدایت اللہ باجوڑ میں ضمنی الیکشن کے لیے اپنے بھتیجے کی انتخابی مہم پر تھے کہ اس دوران باجوڑ کے علاقہ ڈمہ ڈولہ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ کیا گیا جس میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ اور ان کے ہمراہ 2 دیگر افراد بھی جاں بحق ہوئے، سابق سینیٹر ہدایت اللہ سابقہ گورنر انجنیئر شوکت اللہ خان کے بھائی اور سابق رکن اسمبلی بسم اللہ خان کے صاحبزادے تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ڈی ایس پی ) بخت منیر کا کہنا ہے کہ دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللّٰہ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، جس میں سابق سینیٹر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔