چیئرمین پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ اور سلیکشن کمیٹی کے پوسٹ مارٹم کا عندیہ

سلیکشن کمیٹی میں جس نے غلط فیصلے اور غلط سلیکشن کی ان کا احتساب ہوگا، پی سی بی میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں، مزید کچھ کرنے والی ہیں : محسن نقوی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 4 جولائی 2024 12:11

چیئرمین پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ اور سلیکشن کمیٹی کے پوسٹ مارٹم کا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 جولائی 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سینٹرل کنٹریکٹ اور سلیکشن کمیٹی کے پوسٹ مارٹم کا عندیہ دیدیا۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ لیگز کھیلنے والے کھلاڑی سن لیں پہلے پاکستان بعد میں دوسری چیز ہوگی، ٹیسٹ سیریز سے پہلے جن کرکٹرز نے درخواست کی ان کو این او سی نہیں ملے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان نے جی ٹی 20 کیلئے این او سی کی درخواست کی ہے، محسن نقوی نے کہا کہ جو فٹنس کے معیار پر پورا اترا اسے سینٹرل کنٹریکٹ ملے گا، سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی پوسٹ مارٹم ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹرز کیلئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا، کھلاڑیوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جو انٹرنیشنل کھلاڑی ڈومیسٹک نہیں کھیلے گا دوبارہ قومی ٹیم میں نہیں آسکے گا، جو ڈومیسٹک میں پرفارمنس دے گا وہی قومی ٹیم کا حصہ ہوگا، 20 اور21 جولائی کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں شرکت کیلئے جاؤں گا، عنقریب سب کو پتہ لگ جائے گا سلیکشن کمیٹی میں کون رہتا ہے کون نہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں جس نے غلط فیصلے اور غلط سلیکشن کی ان کا احتساب ہوگا، پی سی بی میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں، مزید کچھ کرنے والی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ویمن ٹیم کا کوئی وارث نہیں ، لڑکیوں کی سلیکشن کیسے ہو رہی ہے کسی کو پتہ ہی نہیں، ورلڈکپ میں کون کھلاڑی انسٹرکشنز فالو کر رہا تھاکون نہیں سب پتہ لگ جائے گا۔