وزیراعلی پنجاب کی ہدایت، ڈرگ فری پنجاب کا مشن تکمیل کی جانب گامزن

رواں برس پہلی ششماہی میں صوبہ بھر میں 57 ہزار سے زائد چھاپے، 30 ہزار ملزمان گرفتار، 29922 مقدمات درج

جمعرات 4 جولائی 2024 19:17

وزیراعلی پنجاب کی ہدایت، ڈرگ فری پنجاب کا مشن تکمیل کی جانب گامزن
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب کا مشن تکمیل کی جانب گامزن ہے اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی انسداد منشیات کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے ۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 57 ہزار سے زائد ریڈز کئے گئے، مکروہ دھندے میں ملوث 30 ہزار سے زائد ملزمان کوگرفتار کرتے ہوئے 29922 مقدمات درج کئے گئے ، ملزمان کے قبضہ سے 17182 کلوگرام چرس، 171 کلوگرام آئس ، 360 کلوگرام ہیروئن پائوڈر، 702 کلوگرام افیون، 04 لاکھ 40 ہزار لٹرز شراب برآمد کی گئی جبکہ نشے کے عادی 666 افراد کو بحالی مراکز میں داخل کروایا گیا۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے کے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کوہدایت دیتے ہوئے کہاکہ منشیات کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے ، منشیات کی سپلائی چین، آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں، آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ تعلیمی اداروں میں نشے کا زہر پہنچانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری رکھی جائیں، نوجوانوں کو نشہ کے زہر سے محفوظ رکھنے کیلئے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں ٹارگٹڈ کاروائیوں میں تیزی لائی جائے ۔