سپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے کنوینرز کی تقرریوں کی منظوری دے دی

جمعرات 4 جولائی 2024 19:23

سپیکر قومی اسمبلی   نے  قومی اسمبلی میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے کنوینرز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی 16 ویں قومی اسمبلی میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپس (پی ایف جیز) کے کنوینرز کی تقرریوں کی منظوری دے دی ہے۔پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کے کنوینرز کی تقرریوں کا مقصد دنیا بھر کی پارلیمانوں کے ساتھ پارلیمانی سفارتکاری اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کے کنوینرز کے ناموں کو حتمی شکل دیتے ہوئے قومی اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس عالمی پارلیمانوں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے جس سے مختلف شعبوں میں تعاون کے دائرہ کار کو بڑھایا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کے فورمز دوست ممالک کی حکومتوں کے مابین پارلیمانی سفارتکاری اور دوطرفہ کو تعلقات کو مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کے تمام کنوینرز کو خطے اور اس سے باہر کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط اور فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔\932