عالمی بینک نے پاکستان کیلئے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے حوالہ سے بلوچستان میں مشاورت کا عمل مکمل کر لیا

جمعہ 5 جولائی 2024 13:25

عالمی بینک نے پاکستان کیلئے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے حوالہ سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2024ء) عالمی بینک نے پاکستان کیلئے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے حوالہ سے مشاورت کے عمل کے تحت بلوچستان میں مشاورت کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے گزشتہ روز بتایاکہ پاکستان کے لئے نئے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کی تشکیل کے ضمن میں بلوچستان کی حکومت، اساتذہ، طلبا ، میڈیا اور سول سوسائٹی کےساتھ مشاورت کا عمل مکمل کر لیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ کے اراکین سے ملاقاتوں میں فریم ورک کے حوالے سے مفید ملاقاتیں ہوئیں۔ علاوہ ازیں ، اساتذہ، طلبا ، میڈیا اور سول سوسائٹی کےساتھ صوبے کے مسائل اور ترجیحات پر بھی ہماری بات چیت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان کے لئے نئے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے حوالے سے عالمی بینک نے ملک بھر میں مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔

اس مشاورت کامقصد پاکستان کی معیشت اورترقی سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے شراکت داروں سے متنوع رائے لینا اوراس حوالہ سے لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق بینک اپنے رکن ممالک کی ترقی پذیر ترجیحات کی عکاسی کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی اور پروگرام کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرتا ہے۔ فریم ورک کابنیادی مقصد ملک کی ترقی کے ایجنڈے کے مطابق عالمی بینک کی معاونت کو ہم آہنگ کرنا ہے۔

مشاورت کاعمل ملک گیر ہوگا اوراس دوران حکومت، اراکین پارلیمنٹ، نجی شعبہ، اکیڈمیا، تھنک ٹینکس اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں بشمول خواتین اور نوجوانوں کے گروپ، بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور سفارتی برادری اور میڈیا سے مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔نئے فریم ورک میں ملک کی کلیدی ترقیاتی ترجیحات کے ساتھ ساتھ ہیومن کیپیٹل ریویو، کنٹری اکنامک میمورنڈم، پاکستان کنٹری کلائمیٹ ڈیولپمنٹ رپورٹ، سسٹمیٹک کنٹری ڈائیگناسٹک اور کنٹری پرائیویٹ سیکٹر ڈائیگناسٹک جیسے امورکوشامل کیاگیاہے۔ جاری ماہ کے دوران مختلف گروپوں کے ساتھ گول میز کانفرنسز کی ایک سیریز منعقد کی جائے گی۔\932