Live Updates

انتخابات میں دھاندلی پر الیکشن کمشنر کیخلاف آرٹیکل 6لگ سکتا ہے، بانی پی ٹی آئی

بات چیت کرنے کا وقت گزر گیا، مذاکرات کا وقت 8 فروری تھا جب عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا، عمران خان

جمعہ 5 جولائی 2024 21:57

انتخابات میں دھاندلی پر الیکشن کمشنر کیخلاف آرٹیکل 6لگ سکتا ہے، بانی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2024ء) بانی پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بات چیت کرنے کا وقت گزر گیا، مذاکرات کا وقت 8 فروری تھا جب عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا، انتخابات میں دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں تین گھنٹے اندر انتظار کرتا رہا، میرے پارٹی رہنما باہر کھڑے رہے، میں نے دونوں گروپس کو اختلافات ختم کرنے کیلئے جیل بلایا تھا، جب مجھ سے لوگوں کو ملنے نہیں دیا جائے گا تو اختلافات کیسے ختم ہوں گے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جیل میں میرے ساتھ روا سلوک پر بھوک ہڑتال پر جارہا ہوں، پارٹی سے مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال کی تاریخ کا اعلان کروں گا، ان کا خیال ہے اختلافات پیدا کرکے میری پارٹی کو کمزور کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان ہائبرڈ تھا اب مطلق العنانی پر چلا گیا ہے، اب ملک میں ڈکٹیٹر شپ ہے، ساری دنیا کو پتا ہے پاکستان میں کیا ہو رہا ہے، یہ کانگریس اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی باتیں کرتے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل ان کی نوکری کر رہا ہے یہ جب کہتے ہیں وہ میری میٹنگ کینسل کر دیتا ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح میری پارٹی کمزور ہوگی، انہیں پتہ ہی نہیں جس پارٹی کا ووٹ بینک ہو وہ کمزور نہیں ہوتی، بجٹ کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست ختم ہوگئی ہے، ان کے ساتھ وہ ہو گیا ہے جو دشمن کے ساتھ بھی نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں پارٹی قائدین کو پیغام دے رہا ہوں کہ اپنے اختلافات عوام میں لے کر نہ جائیں، اگر آپ اختلافات عوام میں لے کر جائیں گے تو آپ اپنے اصل مقصد سے ہٹ جائیں گے، آج سب پاکستان سے آگے ہیں اور ہمارا ملک میانمار کی طرف بڑھ رہا ہے، موجودہ بحران سے صرف وہ پارٹی ملک کو نکال سکتی ہے جس کے ساتھ عوام ہو، ملک میں ایلیٹ کا بجٹ آگیا ہے لوگ پٹ گئے ہیں، ملک کو صرف ایلیٹ کنٹرول کر رہی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ صدر کا کیا کام ہے کہ وہ ایوان صدر کے اخراجات بڑھا دے، بجلی اور گیس کے بلوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، مذاکرات تب ہوتے ہیں جب کسی مسئلے کا حل نکلے، ہم شہباز شریف سے مذاکرات کریں گے ان کی حکومت چلی جائے گی، پورا ملک کہہ رہا ہے کہ سب سے بڑا فراڈ الیکشن کروایا گیا، جس الیکشن کمیشن نے فراڈ الیکشن کروایا انصاف کیلئے اسی کے پاس بھیجا جا رہا ہے، اگر اس فراڈ الیکشن کی تحقیقات ہو جاتی ہیں تو چیف الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6 لگ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جیل والے پریشان ہیں مجھے حمود الرحمان کمیشن رپورٹ جیل میں کیسے مل گئی، جیل والے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، ایک سال ہونے والا ہے مجھے چکی میں ٹھہرایا ہوا ہے، سخت گرمی کے باوجود میں اس کی شکایت نہیں کروں گا۔
Live بجٹ سے متعلق تازہ ترین معلومات