مسلم لیگ ن نے ڈیجیٹل دہشت گردی کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

جمعہ 26 جولائی 2024 16:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2024ء) مسلم لیگ ن نے ڈیجیٹل دہشت گردی کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی،قرارداد ن لیگ کی رکن اسمبلی راحیلہ خادم حسین نے جمع کروائی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل دہشت گردی کا ناسور اس ملک کی اخلاقی ، سیاسی و معاشرتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے درپے ہے،کبھی یہ پاکستان کے ریاستی اداروں پر حملہ آور ہوتے ہیں تو کبھی اعلی عہدوں پر فائز محب وطن افسران و فیملیز کو ہراساں کرتے ہیں، ڈیجیٹل دہشت گردی کرکے مکروہ فعل کی تشہیر غیر ملکوں میں بھی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا وی لاگرز انتشار پسند پارٹی کی ایما پر مکروہ کھیل کھیل رہے ہیں،ڈیجیٹل دہشتگردی اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ وہ اپنے مخالفین چاہے ان کا تعلق پاک فوج سے ہو سرکاری افسر و سیاسی لیڈران و کارکنان کوئی بھی انکے شر سے محفوظ نہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عظمی بخاری جو وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب ہیں ،ان سے منسوب جعلی و انتہائی اخلاق سے گری گھٹیا کلپ سوشل میڈیا پر پھیلایا جا رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل دہشت گردوں کی دہشت گردی کو آہنی ہاتھوں سے روکا جائے اور ایسے کرداروں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔