پنجاب سوشیو اکنومک رجسٹری میں محکمہ سوشل ویلفیئر اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائے گا‘سہیل شوکت بٹ

جمعہ 26 جولائی 2024 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2024ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈویژنل ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ہمت کارڈ کے لیے خصوصی افراد کی تصدیق کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے محکمہ کے افسران کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز تحصیل کی سطح پر سوشیو اکنامک رجسٹری میں کمیٹیوں کو مدد فراہم کریں گے۔

ہمت کارڈ کے لیے خصوصی افراد کی تصدیق کے ساتھ ساتھ معاون آلات کی ضرورت کے حوالے سے ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم کی دستک پروگرام کے ذریعے معاون آلات کی فراہمی خصوصی افراد کی دہلیز پر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور ہدایت کے مطابق خصوصی افراد کو ہمت کارڈ کے اجرا کے لیے محکمہ کی جانب سے تصدیق کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

سہیل شوکت بٹ نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف کی ہدایت ہے کہ ڈویژنل افسران کو ان کی ذمہ داری سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا سکیں۔ پنجاب سوشیو اکنومک رجسٹری میں محکمہ سوشل ویلفیئر اپنا کردار موثر طور پر نبھائے گا اور خصوصی افراد کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں شریک تمام افسران نے محکمہ کی جانب سے جاری پروگرامز اور اقدامات کی تعریف کی اور وزیر سوشل ویلفیئر کے وژن کی حمایت کی۔