پاک بحریہ کے نئے جنگی بحری جہاز پی این ایس حنین کا رومانیہ سے پاکستان کی جانب پہلے سفر کا آغاز

:یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ‘آئی ایس پی آر

ہفتہ 10 اگست 2024 18:19

پاک بحریہ کے نئے جنگی بحری جہاز پی این ایس حنین کا رومانیہ سے پاکستان ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2024ء) پاکستان بحریہ کے نئے جنگی بحری جہاز پی این ایس حنین کا رومانیہ سے پاکستان کی جانب پہلے سفر کا آغاز ہوگیا ہے‘یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اورپی این ایس حنین رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹنٹا (Constanta) سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق رومانیہ بحریہ کے فلیٹ کمانڈر نے پی این ایس حنین کا دورہ کیا اور کمانڈنگ آفیسر سے ملاقات کی اور نیک تمناؤں کے ساتھ الوداع کیا۔پی این ایس حنین کا رومانیہ بحریہ کے جہاز لاسٹنل (Lastunul) کے ساتھ سمندر میں دوطرفہ مشق کا انعقادکیاگیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق پی این ایس حنین دامن شپ یارڈ، رومانیہ میں بننے والے چار آف شور پٹرول ویسلز میں سے تیسرا جہاز ہے۔

(جاری ہے)

پی این ایس حنین کثیرالمقاصد، انتہائی سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے۔آئی ایس پی آرکے مطابق یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔پی این ایس حنین کی شمولیت سے بحر ہند میں علاقائی میری ٹائم سیکورٹی پٹرول میں تعیناتی مزید مستحکم ہو گی۔