Live Updates

عمران خان کا یہ خدشہ درست ثابت ہوسکتا ہے کہ اٴْن کا معاملہ ملٹری کورٹ میں چلے، سینیٹر عرفان صدیقی

فیض حمید کا ذاتی مفادتھا کہ عاصم منیر آرمی چیف نہ بنیں جس کے لئے انہوں نے بڑی کوشش کی ٪ 200 سے زائد فوجی مقامات پر حملے کرنا سیاسی نہیں عسکری کارروائی تھی جو کسی عسکری مہم جو کے دماغ میں ہی آسکتی ہے سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی کا نجی ٹی وی کو انٹرو یو

منگل 20 اگست 2024 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2024ء) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان کا یہ خدشہ درست ہوسکتا ہے کہ فیض حمید کی گرفتاری کے بعد اٴْن کا مقدمہ بھی ملٹری کورٹ میں چلے۔ یہ خدشہ نہیں، ان کا یقین ہے کیونکہ یہ کہانی 9مئی کے گرد گھومتی ہے۔

جو کچھ ہوا، کون کون اس میں شریک تھا، کہاں کہاں بیٹھ کر یہ منصوبہ بندی ہوئی ، کہاں کہاں سے کون کون سے پیغامات آئے، کون کون کردار تھا یہ سب انہیں معلوم ہے۔ اس بارے میں ہمیں آپ کو شبہ ہوسکتا ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کو ہرگز نہیں۔ فیض حمید کے بعد ثاقب نثار کا نام آنا بڑی خبر ہے۔ تواتر سے آنے والی خبروں سے محسوس ہوتا ہے کہ ثاقب نثار کا کہیں نہ کہیں کوئی کردار ضرور تھا۔

(جاری ہے)

ہمارے پاس واضح شواہد موجود ہیں، فیض حمید کا ذاتی مفادتھا کہ عاصم منیر آرمی چیف نہ بنیں جس کے لئے انہوں نے بڑی کوشش کی۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرو یو دیتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ ثاقب نثار نے ملک کے اندر انتشار پھیلانے، نوازشریف کو منصب سے ہٹانے، ایک اور صاحب کو اقتدار میں لانے کے لئے بڑا کلیدی کردار ادا کیا۔ اٴْن کی آڈیو ٹیپس بھی سامنے آچکی ہیں۔

وہ انتخابات سے پہلے نوازشریف کو سزا دلانے کے لئے نیب کورٹس پر اثرانداز ہوتے اور چھٹی والے دن بھی سماعت کرنے کے حکم جاری کرتے رہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ہم نہیں چاہتے کہ معاملے کا پھیلا? اتنا زیادہ ہوجائے کہ جو شخص گرفت میں آیا ہوا ہے ،وہ بچ جائے۔سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر نے کہاکہ عاصم منیر آرمی چیف نہ بنیں، اس میں فیض حمید کا ذاتی مفاد تھا۔

اس مقصد کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ کو توسیع دلائی۔ فیض حمید کے ایما پر عمران خان 26 نومبر کوراولپنڈی میں حملہ آور ہوئے۔ اس کے پیچھے محرک موجود تھا۔اٴْس وقت کے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر تنویر الیاس کی گواہی موجود ہے۔ وہ کہہ چکے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو انہوں نے بلدیاتی الیکشن کی وجہ سے احتجاج چار چھ دن آگے کرنے کی درخواست کی تو بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پھر کیا فائدہ تب تک عاصم منیر آرمی چیف بن جائے گا۔

لہذا یہ ایک ٹارگٹڈ آپریشن تھا۔ اس سے پہلے ایک آپریشن نادرا میں بھی ہوا تھا۔ جنرل عاصم منیر کے فیملی کا ریکارڈ نکالا گیا۔ کوئی تھا جو اس سارے میں مدد کررہا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نوازشریف کے معاملات کی طرف جائیں گے تو فیض حمید آئے گا پھر باجوہ آئیں گے، راحیل شریف آئیں گے، ظہیرالاسلام آئیں گے، پھر پاشا، عاصم باجوہ آصف غور اور جانے کون کون آئے گا۔

یہ کہانی چلی تو لندن پلان تک جائے گی،۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ 200 سے زائد فوجی مقامات پر حملے کرنا سیاسی نہیں عسکری کارروائی ہے۔ایسی کارروائی عسکری جنگجو کے ذہن میں ہی آسکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عرفان صدیقی نے کہاکہ جرم کو صرف جرم کی نظر سے اور مجرم کو صرف مجرم کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔ اگر میں گھر سے باہر نکل کر کسی کو مار دوں یا کسی کے گھر کو آگ لگا دوں تو میں پارلیمنٹ کا رکن یا سیاستدان ہونے کی وجہ سے جرم سے بری الزمہ نہیں ہوسکتا۔

اسی طرح اگر فیض حمید پر کورٹ مارشل کی کارروائی کے دوران یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ انہوں نے عمران خان سے مل کر یہ سازش کی ہے تو عمران کا مقدمہ بھی آرمی ایکٹ کے تحت چلایا جاسکتا ہے۔ ہم نے عمران خان کے مقدمے کے لئے کوئی خصوصی قانون سازی نہیں کی۔ یہ مقدمات پہلے سے موجود قوانین کے تحت ہی چلائے جائیں گے جن میں آرمی ایکٹ بھی موجود ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات